بیوی سے طلاق، شوہر نے خوشی میں دودھ سے نہا کر سب کو حیران کردیا

بھارت: طلاق جیسے حساس معاملے کو جہاں عام طور پر زندگی کا مشکل مرحلہ سمجھا جاتا ہے، وہیں بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے اپنی طلاق کو غیر روایتی انداز میں خوشی کا موقع بنا ڈالا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مانک علی نامی شخص نے طلاق کے بعد 40 لیٹر دودھ سے نہا کر جشن منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں مانک کو خوشی کے جذبات کے ساتھ دودھ سے نہاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جہاں وہ خود کو “آزاد” قرار دے رہا ہے۔

مانک علی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی سابقہ اہلیہ دو مرتبہ اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو چکی تھیں، جس کے بعد باہمی اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

بھارتی شہری مانک کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام حالات کے باوجود خاندان کے سکون کی خاطر خاموش رہا لیکن بالآخر علیحدگی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کچھ افراد نے اس عمل کو “غیر ضروری نمائش” قرار دیا تو کچھ نے اسے “ذاتی خوشی کا اظہار” سمجھا۔

تاہم، یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ طلاق کے بعد جشن منانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہوں، ماضی میں بھی مختلف ممالک میں ایسی ویڈیوز سامنے آ چکی ہیں جن میں کبھی مرد تو کبھی خواتین طلاق کے بعد آزادی کا جشن مناتی نظر آئیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles