کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں کئی اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش تقریباً 8 سے 10 ماہ پرانی ہے، ان کے جسم پر کسی ہڈی کے ٹوٹنے یا زخم کا کوئی نشان نہیں ملا جبکہ نچلے دھڑ کا گوشت مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاش مکمل طور پر گل سڑ چکی تھی اور ڈی کمپوزیشن کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، لاش میں کچھ کیڑے بھی پائے گئے ہیں۔
پوسٹ مارٹم میں یہ بھی کہا گیا کہ فزیکل مائنس کی وجہ سے کسی ممکنہ زیادتی کا پتہ لگانا مشکل ہے، تاہم شواہد کو محفوظ رکھنے کے لیے اداکارہ کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی تجزیے کے لیے بھیجے گئے ہیں، جس کی رپورٹ مزید حقائق سامنے لانے میں مدد دے گی۔
اس سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ پرانی ہو سکتی ہے، جبکہ فلیٹ سے ملنے والے کھانے پینے کی اشیاء پر درج زائدالمیعاد تاریخ 2024 کی تھی، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ اشیاء کئی ماہ سے استعمال نہیں ہوئیں۔
واقعے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ موت کی اصل وجہ اور اس کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔