اداکارہ حمیرا اصغر کے والد سے بول نیوز کا ٹیلیفونک رابطہ؛ اہم انکشافات

معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی فلیٹ سے لاش ملنے کے معاملے پر انکے والد اصغر سے بول نیوز نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

حمیرا کے والد اصغر علی سے بول نیوز نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اہل خانہ سے مشورہ کر رہے ہیں کہ میت وصول کرنے کے لیے کون کراچی جائے گا، تاحال یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ خاندان کی طرف سے لاش وصول کون کرے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی ماہ پرانی لاش برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق لاش کی حالت انتہائی خراب ہو چکی تھی اور اس سے بدبو پھیلنے پر پڑوسیوں نے اطلاع دی، تاہم پولیس نے فلیٹ کو مکمل سرچ کرنے کے بعد ڈی سیل کر دیا ہے۔

 ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ میں کسی قسم کے تازہ خون کے نشانات موجود نہیں تھے، لاش کی حالت بتاتی ہے کہ موت کو چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

 لیڈی میڈیکو لیگل افسر کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوڑ گلنے لگے تھے، جس سے لاش کی پرانی حالت کی تصدیق ہوئی ہے۔

فلیٹ میں موجود فریج میں رکھے کھانے کی اشیاء کی میعاد اکتوبر 2024 تک تھی جبکہ بجلی بھی اسی مہینے کے آخر میں کے-الیکٹرک کی جانب سے منقطع کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے آخری بار مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا تھا اور اُن کے موبائل کال ریکارڈ میں بھی آخری سرگرمی چھ ماہ پرانی ہے، ایک قریبی دوست سے اکتوبر 2024 میں آخری رابطہ ریکارڈ پر ہے۔

متعلقہ خبر: ڈیفنس میں فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ایک ماہ پرانی لاش ملی

اداکارہ کی لاش کی شناخت کے بعد پولیس نے اُن کے بہنوئی سے رابطہ کیا، تاہم پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت کسی قریبی رشتہ دار کی موجودگی کو ضروری قرار دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، تاہم اس واقعے نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles