راولپنڈی کے علاقے تخت پڑی میں ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا، مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں گزشتہ روز دوپہر کے وقت باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو گولی مار کر قتل کردیا، جس کا مقدمہ تھانہ روات میں درج کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر لرزہ خیز قتل؛ معروف ٹک ٹاکر ’تھل کی شہزادی‘ زندگی سے محروم
پولیس نے قتل کا مقدمہ ہیڈ کانسٹیبل شہباز انجم کیانی کی مدعیت میں درج کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم اخلاق نے اپنی بیٹی مہک شہزادی کو موبائل سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا،بیٹی نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کیا، جس پر اخلاق نے طیش میں آکر غیرت کے نام پر بیٹی کو گولی مار کر قتل کردیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم اخلاق احمد نے فساد فی الارض کا ارتکاب کیا ہے، ملزمان کے خلاف قانون اور ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔