ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے والد کا لاش لینے سے انکار، سرد خانے منتقل


ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے والد کا لاش لینے سے انکار، سرد خانے منتقل

اداکارہ حمیرا اصغر/ فائل فوٹو

ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے والد نے پولیس کے رابطہ کرنے پر اپنی بیٹی کی لاش لینے سے انکار کر دیا ہے۔

ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی نے بتایا کہ موبائل فون میں موجود نمبروں سے حمیرا کے بھائی کا نمبر حاصل کرکے اس سے رابطہ کیا، حمیرا کے بھائی نے والد سے بات کرائی جس پر انھوں نے کہا کہ ہمارا حمیرا سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید پڑھیں: ڈیفنس میں فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ایک ماہ پرانی لاش ملی

ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق حمیرا کے والد کا کہنا ہے کہ انھوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کرلیا تھا، ہم نے حمیرا کے والد کو سمجھایا ہے کہ کراچی پہنچ کر لاش وصول کریں تاہم انھوں نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیا ہے، کوشش کررہے ہیں کہ گھر والے جلد از جلد آجائیں تاکہ مزید کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔

انھوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد اداکارہ کی لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا ہے، پولیس واقعے کی تمام تر پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت پر شوبز انڈسٹری افسردہ

اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم  جناح اسپتال میں کیا گیا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش انتہائی مسخ شدہ حالت میں تھی، لاش کے کیمیکل سیمپل لے لئے گئے ہیں، موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز6اتحاد کمرشل سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ایک ماہ پرانی لاش ملی تھی۔

حمیرا اصغر اس فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، آج بیلف کوئی نوٹس دینے آیا تو اس نے لاش دیکھ کر  پولیس کو اطلاع دی۔

حمیرا اصغر نے 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا، 2024 سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا، آج بیلف آیا تو لاش دیکھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles