پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ دبئی میں آؤٹ ڈور لنچ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔
شعیب ملک نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں دوپہر کا کھانا کھاتے نظر آ رہے ہیں۔
تصویر کے کیپشن میں انہوں نے اذہان کو “میرا سب سے اچھا دوست” قرار دیا۔
جہاں کئی مداحوں نے اس تصویر کو باپ بیٹے کے درمیان محبت کا خوبصورت اظہار قرار دیا، وہیں بعض صارفین نے تنقیدی رویہ اپناتے ہوئے والدین کی علیحدگی کے بعد بچوں کی نفسیاتی حالت اور باپ کی ذمہ داریوں پر سوالات اٹھائے۔
ایک صارف نے لکھا کہ کبھی کبھار کھانے پر لے جانا بچے سے دوستی نہیں بناتا، اصل دوستی وقت اور مسلسل موجودگی مانگتی ہے۔
ایک اور نے تبصرہ کیا کہ اپنے بہترین دوست کی ذمہ داری بھی نبھاؤ، صرف ایک دن کا کھانا کافی نہیں ہوتا جبکہ بعض صارفین نے شعیب اور ثانیہ مرزا کی طلاق پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ایک مداح نے لکھا کہ یہ طلاق نہیں ہونی چاہیے تھی، دونوں باشعور اور کامیاب شخصیات تھے، مسئلہ باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکتا تھا۔
یاد رہے کہ شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی خبروں نے سوشل میڈیا پر پہلے ہی کافی توجہ حاصل کر رکھی ہے اور اب اذہان کے ساتھ شعیب کی ملاقات نے ایک بار پھر اس موضوع کو سرخیوں میں لا کھڑا کردیا ہے۔