اینٹی ایجنگ مصنوعات کو پروموٹ کرنا بند کریں، زارا نور عباس

پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے مصنوعی خوبصورتی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اینٹی ایجنگ مصنوعات، سلمنگ ڈراپس اور دیگر غیر فطری طریقوں کے استعمال سے گریز کریں اور قدرتی خوبصورتی کو اپنائیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر کا بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے، جسے روکا نہیں جا سکتا اور یہی سب سے خوبصورت سچائی ہے جسے قبول کرنا چاہیے۔

زارا نور عباس نے کہا کہ براہ کرم اینٹی ایجنگ مصنوعات کو فروغ دینا بند کریں، وقت کے ساتھ عمر میں اضافہ فطری ہے، اسے زبردستی روکنے کی کوشش نہ کریں۔
اسکرین گریب

انہوں نے مزید کہا کہ وزن کم کرنے کے لیے سلمنگ ڈراپس اور ایسی ادویات کا استعمال نہ صرف نقصان دہ ہے بلکہ یہ لت ایک خطرناک نشے کی مانند ہے۔

زارا نور عباس نے مشورہ دیا کہ ظاہری خوبصورتی عارضی ہوتی ہے، اصل خوبصورتی ذہنی اور روحانی مضبوطی میں ہے جو دیرپا ہوتی ہے۔

اداکارہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں بھارتی اداکارہ شیفالی زری والا 42 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں، جس کے بعد شوبز انڈسٹری میں مصنوعی خوبصورتی اور دباؤ سے جڑے مسائل پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles