متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر قانون کی زد میں آ گئے، لاہور میں جاری سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف مہم کے دوران رجب بٹ کی گاڑی سے بھی سیاہ پیپرز ہٹا دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈولفن فورس نے ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں کارروائی کی، جہاں ڈی ایس پی مبشر اعوان کی نگرانی میں سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری تھا۔
اس موقع پر رجب بٹ کی گاڑی کو بھی روکا گیا اور قانون کے مطابق اس سے سیاہ شیشے اتار دیے گئے۔
ڈولفن فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مہم شہر بھر میں جاری ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ایس پی ڈولفن فورس ارسلان زاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ہزاروں گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے، ورنہ آئندہ بھی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔