2019 کا سپرہٹ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ آج بھی شائقین کے دلوں میں تازہ ہے، اس ڈرامے کے ہر کردار نے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا لیکن چائلڈ ایکٹر ’رومی‘ کی معصومیت اور جذباتی مکالموں نے خاص طور پر دل جیت لیے۔
6 سال گزرنے کے باوجود رومی کی معصوم شکل اور بے ساختہ اداکاری شائقین کے ذہنوں میں محفوظ ہے۔
رومی کا کردار ایک حساس، ذہین اور اپنے والد دانش (ہمایوں سعید) سے گہرے لگاؤ رکھنے والے بچے کا تھا، جب مہوش (عائزہ خان) بیٹے اور شوہر کو چھوڑ کر شہوار (عدنان صدیقی) کے ساتھ چلی جاتی ہے، تو یہی رومی دانش کا واحد سہارا بن جاتا ہے، اس کی اداکاری نے ڈرامے میں جذباتی گہرائی پیدا کی اور ناظرین کی ہمدردی سمیٹی۔
رومی کا اصل نام
رومی کا کردار ادا کرنے والے معروف فلم پروڈیوسر سجاد گل کے پوتے شیس سجاد گل ہیں، جس نے یہ کردار ہدایتکار ندیم بیگ کی زیرنگرانی بخوبی نبھایا، ان کی پرفارمنس، مکالموں کی ادائیگی اور تاثرات نے ناظرین کو بے حد متاثر کیا اور اس کم عمر اداکار نے اپنی موجودگی سے ایک بڑے پروجیکٹ میں اہم مقام حاصل کیا۔
نئی تصاویر نے مداحوں کو حیران کردیا
حال ہی میں شیس سجاد گل کی تازہ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں، جن میں وہ خاصے بڑے اور سنجیدہ نظر آ رہے ہیں، لڑکپن میں قدم رکھنے کے بعد ان کا نیا روپ دیکھ کر مداح حیران رہ گئے، کئی تو انہیں پہچان بھی نہ سکے۔
اپنے ایک پرانے انٹرویو میں شیس سجاد گل نے اعتراف کیا تھا کہ ’میرے پاس تم ہو‘ جیسے بڑے اور کامیاب پراجیکٹ کا حصہ بننا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ شوٹنگ کے دوران عائزہ خان اور ہمایوں سعید ان کا خصوصی خیال رکھتے تھے اور اکثر انہیں چاکلیٹس اور کھلونے لا کر دیتے تھے۔
شیس سجاد گل نے یہ بھی بتایا کہ اشتہارات میں کام کرنا نسبتاً زیادہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس میں بار بار ٹیک لینے پڑتے ہیں اور زیادہ محنت درکار ہوتی ہے۔