دنیا کے سب سے کامیاب ترین ارب پتی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ اپنی والدہ کے ’’مقروض‘‘ ہوگئے ہیں۔
مقبول یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن)، جنہیں سوشل میڈیا پر ارب پتی انفلوئنسر کے طور پر جانا جاتا ہے، تاہم انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی شادی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی والدہ سے قرض لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں مسٹر بیسٹ نے لکھا کہ میرے پاس ذاتی طور پر زیادہ پیسے نہیں کیونکہ میں اپنی آمدنی کا زیادہ تر حصہ دوبارہ کانٹینٹ میں سرمایہ کاری کرتا ہوں، رواں سال ہم صرف ویڈیوز پر تقریباً ایک چوتھائی ارب ڈالر خرچ کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ میں اپنی آنے والی شادی کے لیے اپنی ماں سے کچھ رقم ادھار لے رہا ہوں، حالانکہ میرے بزنس اثاثے خاصے قیمتی ہیں۔
یہ بات سوشل میڈیا صارفین کے لیے حیران کن تھی، جنہوں نے یوٹیوبر کی عاجزی اور دیانت داری کو سراہا، ایک صارف نے لکھا کہ آپ نے ایک سلطنت بنائی، کروڑوں خرچ کیے اور اب شادی کے لیے ماں سے مدد، آپ واقعی لیجنڈ ہیں!
تاہم کچھ صارفین نے طنزیہ ردِ عمل بھی دیا، ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ جو رقم آپ ماں سے ادھار لے رہے ہیں، وہ بھی شاید آپ ہی نے انہیں دی ہوگی! جبکہ دوسرے صارف نے اسے مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ پوسٹ مزاحیہ ہے، ورنہ صرف بچے ہی اس پر یقین کریں گے۔
واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ کی یہ پوسٹ ان کے مداحوں میں بحث کا موضوع بن گئی ہے، جہاں ان کے طرزِ زندگی اور سرمایہ کاری کے فیصلوں پر تعریف اور تنقید دونوں کی جا رہی ہے۔