فلم انڈسٹری بہت زیادہ غیر محفوظ جگہ ہے، اداکار ویویک اوبرائے
معروف بھارتی اداکار ویویک اوبرائے نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری بہت زیادہ غیر محفوظ جگہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ویویک اوبرائے نے بتایا کہ ممبئی کی فلم انڈسٹری ایک غیر محفوظ جگہ ہے، حالانکہ انہوں نے 2002 میں ساتھیا اور کمپنی جیسی فلموں میں بہترین اداکاری کرکے خود کو منوایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود انہیں اپنے کیریئر میں کام نہ ہونے جیسے مراحل کا بھی سامنا رہا اور وہ مہینوں بنا کام کے گھر بیٹھے رہے، حالانکہ وہ باکس آفس پر ہٹ ہونے والی فلموں میں کام کرچکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ساری صورتحال پر انہوں نے پلان بی پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا جو ایک بزنس مین بننا تھا۔
ویویک اوبرائے نے کہا کہ انکے بزنس شروع کرنے کی وجہ ایک لابی کو کاؤنٹر کرنا تھا جو فلم انڈسٹری کے اندر موجود تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈوالا جیسی کامیاب فلم کے بعد وہ 14، 15 مہینے بغیر کام کے بیٹھے رہے، تب انہوں نے فیصلہ کیا کہ کاروبار شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 22 برس کے دوران 67 فلمیں کیں لیکن انڈسٹری بہت زیادہ غیر محفوظ جگہ ہے، آپ شاندار پرفارم کریں، ایوارڈز جیتیں لیکن دیگر وجوہات کی وجہ سے آپکو کام نہیں مل سکتا۔