گلوکارہ روشن آراء بیگم کو دنیا سے گزرے 42 سال بیت گئے
معروف گلوکارہ روشن آراء بیگم کو دنیا سے گزرے 42 سال بیت گئے ہیں۔
روشن آراء بیگم 19 جنوری 1917 کو کولکتہ میں پیدا ہوئیں، اُن کا اصل نام وحید النساء بیگم تھا۔
انہوں نے موسیقی کی تعلیم شہرہ آفاق گائیک استاد عبد الکریم خان سے حاصل کی اور ملکہ موسیقی کا خطاب پایا۔
1948 میں پاکستان منتقل ہونے کے بعد موسیقی کے دلدادہ پولیس افسر احمد خان کے ساتھ شادی ہوئی۔
ملکہ موسیقی روشن آراء بیگم نے فلموں کے لئے بھی گیت گائے جن کی دھنیں انیل بسواس، فیروز نظامی، نوشاد اور تصدق حسین جیسے موسیقاروں نے ترتیب دیں۔
روشن آراء بیگم نے فلم ’’نظر‘‘، ’’جگنو‘‘، ’’قسمت‘‘، ’’روپ متی باز بہادر‘‘ اور ’’نیلا پربت‘‘ میں آواز کا جادو جگایا۔
حکومتِ پاکستان نے روشن آراء بیگم کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے نوازا۔
روشن آراء بیگم 5 دسمبر 1982 میں انتقال کر گئیں۔