اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر بینک فراڈ کیس میں گرفتار
پاکستان کی معروف اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد خان کو بینک فراڈ کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف احمد کو ان کی رہائش گاہ سے نجی بینک میں کروڑوں روپے کے خود برد کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
مقدمہ کے مطابق عاطف احمد خان پر الزام ہے کہ انہوں نے کمپنی کے 80 ملین روپے ذاتی ٹریڈنگ کے لیے استعمال کیے۔
تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ عاطف احمد نے غیر قانونی طور پر 654 ملین روپے تھرڈ پارٹی سے حاصل کیے اور انہیں کمپنی کے فنڈز سے زیادہ مارک اپ کے ساتھ واپس کیا۔
اداکارہ کے شوہر عاطف خان نے کمپنی کے مالیاتی ریکارڈ میں جعلسازی کی تاکہ اپنی مالی بدانتظامیوں کو چھپایا جا سکے۔
بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس کے بعد عدالت نے ان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے۔
عاطف محمد خان کے خلاف زیر دفعہ 409، 420، 467، 468، 471، 477-A، 109، 34 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ اس مقدمے میں بینک کے دیگر کئی افسران بھی نامزد ملزم ہیں۔