میرے نزدیک دوستی ضروری، شادی بیکار کام ہے، جاوید اختر
بھارتی مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر کا کہنا ہے کہ میرے نزدیک دوستی ضروری، شادی بیکار کام ہے۔
حال ہی میں نغمہ نگار جاوید اختر نے بھارتی میڈیا سے اداکارہ شبانہ اعظمی سے شادی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر رشتے کی بنیاد باہمی احترام ہے، شادی ایک تصور ہے، میں اور شبانہ شادی شدہ ہونے سے پہلے ایک اچھے دوست ہیں، میں نے شبانہ سے 1984 میں اس وقت شادی کی جب میری پہلی اہلیہ ہنی ایرانی سے شادی کو 5 سال گزرچکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دراصل میری اور شبانہ کی شادی بڑی مشکل سے ہوئی ہے، ہم دوست ہیں اور ایک شادی کیلئے میرے نزدیک دوستی زیادہ ضروری ہے، شادی وادی تو بیکار کام ہے، شادی صدیوں پرانی روایت ہے یہ وہ پتھر ہے جو صدیوں سے پہاڑوں سے لڑھک رہا ہےاور جیسے ہی یہ پہاڑ سے نیچے آتا ہے بہت سی کائی، کچرا اور گوبر جمع کرلیتا ہے۔
بھارتی نغمہ نگار نے کہا کہ میرے نزدیک لفظ ‘بیوی’ اور ‘شوہر’ کے معنی مختلف ہیں، دو افراد جو کسی بھی جنس سے ہوں اگر ایک دوسرے کا احترام نہ کریں تو وہ ایک ساتھ کیسے خوش رہ سکتے ہیں، شادی جیسے رشتے کو باہمی احترام، غور و فکر اور ایک دوسرے کو جگہ دینے کی ضرورت ہے، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ان کے شریک حیات سمیت ہر شخص خود ایک انسان ہے۔
معروف مصنف نے کہا کہ ایک بات یقینی ہے عزت کے بغیر محبت ایک دھوکا ہے، میں آپ کو بتاتا چلوں کہ ایک آزاد عورت، اپنے عزائم، کاروبار اور اپنی رائے کے ساتھ زیادہ آسان نہیں ہوتی، آپ کو تسلیم کرنا ہوگا کہ جو شخص آپ کے ساتھ رہ رہا ہے آپ کا غلام نہیں ہے۔