نئے سبسکرائبرز کی بھرمار: نیٹ فلکس کا فیس بڑھانے کا فیصلہ

معروف آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے ایک کروڑ 90 لاکھ سبسکرائبرز کے اضافے کے بعد متعدد ممالک میں اپنی سبسکرپشن فیس بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکہ، کینیڈا، ارجنٹائن اور پرتگال میں نیٹ فلکس کی سبسکرپشن فیس بڑھا دی جائے گی۔

دیگر ممالک میں بھی نیٹ فلکس کی سبسکرپشن فیس میں اضافہ سے متعلق سوال کے جواب میں انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ ”فی الحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے“۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ”ہم کبھی کبھار اپنے سبسکرائبرز سے کچھ زیادہ ادائیگی کرنے کے لیے کہتے ہیں تاکہ ہم نیٹ فلکس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مزید سرمایہ کاری کر سکیں“۔

سال 2024 کے اختتام تک نیٹ فلکس کے مجموعی سبسکرائبر کی تعداد 30 کروڑ تک پہنچ چکی تھی، کمپنی کو نومبر، دسمبر تک سبسکرائبرز کی تعداد میں 90، 95 لاکھ تک اضافے کی توقع تھی لیکن توقع کے برعکس سال 2024 کے اختتام یہ تعداد ایک کروڑ 90 لاکھ سبسکرائبرز تک جا پہنچی۔

واضح رہے کہ پاکستان دُنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں نیٹ فلکس کے سبسکرپشن پیکجز سب سے سستے ہیں۔

پاکستان میں نیٹ فلکس کے بیسک پیکج کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 450 روپے، اسٹینڈرڈ پیکج کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 800 روپے جبکہ پریمیئم پیکج کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 1100 روپے ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles