
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس 7 روز کا وقت ہے، القادر ٹرسٹ کیس کے حوالے سے جھوٹ کا پلندہ بنایا ہوا ہے، القادر ٹرسٹ کیس کی سزا کے خلاف اعلیٰ عدلیہ جائیں گے، حسن نواز سے پوچھا جائے کہ وہ 40 ارب روپے برطانیہ کیسے لے گئے؟
اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ گزر چکے ہیں، پبلک ڈیویلپمنٹ سینٹر میں کوئی کام نہیں ہوسکا، انٹرنیٹ ٹھپ ہے، میڈیا اور سیاستدانوں پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کا کیس نہیں ہے، بلکہ ٹرسٹ کا کیس ہے، حکومت کہہ رہی کہ کمیشن نہیں بن سکتا، کمیشن تو ہر جگہ اور وقوعے کا بن سکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرنے کہا کہ کل پی ٹی آئی بانی اور ان کی اہلیہ کے خلاف فیصلہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جا رہے ہیں، افغانستان سے دوستانہ تعلقات بہتر کرنا ہوں گے، کچھ دنوں تک اپوزیشن الائنس قائم کرنے جا رہے ہیں، عوام آئین کی بالادستی کے لیے باہر نکلیں۔
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جھکانے کے لیے بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی، اس سزا میں بھی بانی پی ٹی آئی سرخرو ہوئے ہیں، مسلم لیگ ن جب سے سیاست میں آئی ہے، تب سے کوئی بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں ہے۔