انٹر بورڈ کا طلبہ کو اسکروٹنی کے لئے 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان


اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے نتائج کی اسکروٹنی کرانے والے طلبہ کو فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین سید شرف علی شاہ کی ہدایت پر طلبہ کی سہولت اور ان پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج سے غیرمطمئن طلبہ کیلئے پرچوں کی اسکروٹنی فیس 50 فیصد کم کردی گئی۔
اسکروٹنی کیلئے فی پرچہ فیس 500 روپے کردی گئی، کم فیس کا اطلاق صرف انٹرمیڈیٹ حصہ اوّل کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس پرائیویٹ اور آرٹس پرائیویٹ گروپس پرچوں کی اسکروٹنی پر ہوگا۔
بورڈ حکام کے مطابق اسکروٹنی فارم 3 فروری 2025ء تک وصول کیے جائیں گے، طلبہ اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
چیئرمین انٹربورڈ کی ہدایت پر طلبہ کی آسانی کیلئے انٹربورڈ میں واقع سہولت مرکز پر خصوصی کاؤنٹر قائم کردیئے گئے، جہاں طلبہ اسکروٹنی فارم اور فیس جمع کروائیں گے۔
انٹربورڈ کراچی نے طلبہ کی مشکلات کے پیش نظر کراچی میں یوبی ایل کی تمام برانچوں میں فیس جمع کروانے کی سہولت بھی متعارف کروائی ہے۔
طلبہ اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچرویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے یوبی ایل کی کسی بھی برانچ میں فی پرچہ 500 روپے فیس جمع کرواسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق تمام طلبہ کو جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا فارم 3 فروری سے قبل سہولت مرکز میں قائم خصوصی کاؤنٹرز پر جمع کرانا ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles