
ارجنٹینا کے سابق فٹبالر کارلوس تیویز نے اعلان کیا ہے کہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی آئندہ ماہ بیونس آئرس میں ان کے الوداعی نمائشی میچ میں شرکت کریں گے، جبکہ انہیں امید ہے کہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو بھی اس مقابلے کا حصہ بنیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اگر کرسٹیانو رونالڈو نے دعوت قبول کرلی تو فٹبال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دونوں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔
یہ نمائشی میچ 20 دسمبر کو ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے معروف اسٹیڈیم لا بومبونیرا میں کھیلا جائے گا۔ ’اپاچی لاسٹ ڈانس‘ کے نام سے منعقد ہونے والا یہ مقابلہ 42 سالہ کارلوس تیویز کے شاندار فٹبال کیریئر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
کارلوس تیویز نے 2022 میں اپنے بچپن کے کلب بوکا جونیئرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، مانچسٹر سٹی اور یووینٹس جیسے بڑے یورپی کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
تیویز ارجنٹینا کی قومی ٹیم میں لیونل میسی کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جبکہ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں اپنے دور کے دوران کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ بھی میدان میں اترے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ کے مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔
اگر 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اس میچ میں شرکت کی دعوت قبول کر لیتے ہیں تو 39 سالہ لیونل میسی اور رونالڈو اپنے طویل اور تاریخی فٹبال کیریئر میں پہلی مرتبہ ایک ہی ٹیم کی جانب سے کھیل سکتے ہیں۔
دونوں کھلاڑی کئی دہائیوں سے فٹبال کے میدانوں میں ایک دوسرے کے حریف رہے ہیں اور ان کی رقابت کو کھیل کی تاریخ کی نمایاں ترین حریفانہ رقابتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
میچ کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر 8 مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے لیونل میسی کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ’’دنیا کا بہترین کھلاڑی‘‘ قرار دیا ہے۔ تاہم کرسٹیانو رونالڈو کی شرکت کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی، کیونکہ ان کی دستیابی کا انحصار سعودی کلب النصر کے ساتھ ان کی مصروفیات پر ہوگا۔
اس نمائشی مقابلے میں عالمی فٹبال کے کئی دیگر معروف کھلاڑی بھی شرکت کریں گے، جن میں اٹلی کے سابق گول کیپر جیان لوییجی بوفون، ارجنٹینا کے خوان رومان ریکلمے، انگلینڈ کے ریو فرڈینینڈ، سرجیو ایگویرو، مارٹن پالیرمو اور گیبریل باتیستوتا شامل ہیں۔
مقابلے میں دونوں ٹیموں کی کوچنگ اٹلی کے سابق کوچ روبرٹو مانچینی اور ارجنٹینا کے معروف کوچ کارلوس بیانچی کریں گے۔ تاہم رونالڈو کی شرکت سے متعلق حتمی اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔