
ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ میں دراندازی کر لی ہے، جس سے بڑی مقدار میں حساس ڈیٹا متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس سائبر اٹیک نے امریکی دفاعی نیٹ ورکس کی سیکیورٹی پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز کے مطابق کلاؤڈ ون میں ہیکنگ کا انکشاف اس وقت ہوا جب نظام کو اپ گریڈ کرنے کا کام جاری تھا اور اس انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم پر کام متاثر ہوا ہے۔
امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور سسٹمز کی سیکیورٹی پوزیشن، کمزوریوں یا آپریشنل حیثیت پر تبصرہ نہیں کرسکتی، تاہم فضائیہ کی معلومات، سسٹمز اور مشن کی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
2017 میں شروع کیا جانے والا کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یعنی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر بنایا گیا تھا، جو مائیکرو سافٹ، ایمیزون، اوریکل اور الفابیٹ سمیت چار آپریٹرز کے وسائل کو یکجا کر کے درجنوں ایپلی کیشنز چلاتا ہے۔
ان ایپلی کیشنز میں عملے کے ڈیٹا اور تنخواہوں یا رسد اور دیکھ بھال کا نظام شامل ہے، جن میں شمالی امریکا بھر سے فضائی دفاع کے ریڈار اور دیگر فیڈز یکجا کرنے والا نظام اور دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کی نگرانی کرنے والا نظام بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق کلاؤڈ ون امریکی فوج کے بڑے کلاؤڈ پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔ رائٹرز کے مطابق اس سسٹم میں دراندازی ایک بڑا معاملہ ہے جبکہ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے امریکی فوج کی سائبر فورس یعنی سائبر کمانڈ کو طلب کیا گیا ہے۔
ہیکنگ کے اس واقعے کے بعد مبینہ طور پر مختلف سطحوں پر کام متاثر ہوا ہے۔ دفتری ایپلی کیشنز کو کلاؤڈ ون پر منتقل کرنے کی کوششیں، جو طویل عرصے سے فوج کی ترجیح تھیں، روک دی گئی ہیں، جبکہ پہلے سے چلنے والی ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس بھی روک دی گئیں جس کے باعث فضائیہ کے اہلکار ایسے وقت میں اصلاحات نافذ نہیں کر سکے جب ٹیکنالوجی کی صنعت میں سافٹ ویئر کی نئی سنگین کمزوریوں کا انکشاف ہوا ہے۔ بعض یوزرز کے ایڈمنسٹریٹر اختیارات بھی ختم کر دیے گئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ہیکرز نے کنٹرول پینل یعنی نظام کے مرکزی حصے تک پہنچنے کے لیے سافٹ ویئر کی ایک کمزوری کا فائدہ اٹھایا اور اس حصے کو یونیورسل ریموٹ سے تشبیہ دی، کیونکہ نظریاتی طور پر درانداز اس رسائی کے ذریعے فوجی طیاروں کی آپریشنل حالت یا اسپیئر پارٹس کی نقل و حرکت دیکھ سکتے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس معاملے میں ہیکرز نے ایسا کیا یا نہیں۔
یہ خبر مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے ہونے والے سائبر حملوں پر بڑھتی ہوئی تشویش کے دوران سامنے آئی ہے، جو کلاؤڈ پر مبنی نیٹ ورکس کے لیے خاص طور پر سنگین مسئلہ ہے کیونکہ اے آئی ماڈلز وسیع نیٹ ورکس میں کمزوریوں کو تیزی سے تلاش کر سکتے ہیں۔
امریکی حکومت پہلے ہی حال ہی میں سامنے آنے والے کم از کم چھ دیگر سائبر واقعات کے اثرات سے نمٹ رہی ہے جن میں ایف بی آئی کے دو واقعات، پینٹاگون کے ڈیٹا میں پہلے ہونے والی دراندازی، محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے عملے کی معلومات کا لیک ہونا، کم از کم دو خفیہ ایجنسیوں کو متاثر کرنے والی دراندازی اور محکمہ خزانہ میں ہیکنگ شامل ہے۔
کلاؤڈ ون طویل عرصے سے ہیکرز کے نشانے پر رہا ہے، اور 2023 میں آن لائن اشاعت ’فیڈ اسکوپ‘ میں شائع ایک تحریر میں کلاؤڈ ون کی قیادت نے پلیٹ فارم میں گھسنے کی کوششوں کو ناکام بنانے میں 100 فیصد کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سیکیورٹی کے معاملے میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔