پاکستانی خلاباز ذیشان علی کا خلا میں سائنسی تجربات کا آغاز، ویڈیو سامنے آگئی

خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر باقاعدہ سائنسی تجربات شروع کر دیے ہیں، جبکہ اپنے چینی ساتھیوں کے ہمراہ کام کرتے ہوئے ان کی ایک نئی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

جمعرات کو جاری کی گئی نئی فوٹیج میں 40 سالہ پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ ذیشان علی کو خلائی اسٹیشن کے اندر زیرو گریویٹی کی کیفیت میں چینی خلابازوں کے ساتھ کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔

پاک چین خلائی تعاون کے تحت ذیشان علی اپنے قیام کے دوران بائیو ٹیکنالوجی، جدید میٹریلز، خلائی زراعت اور غذائی تحفظ سے متعلق چار مشترکہ سائنسی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان تجربات میں خاص طور پر بیکٹیریا میں فوٹو سنتھیسز کے عمل اور بیجوں پر خلائی تابکاری و کم کششِ ثقل (مائیکرو گریویٹی) کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ذیشان علی کو لے کر جانے والا خلائی جہاز ’شین ژو 24‘ گزشتہ بدھ کی صبح چین کے جیوچوان خلائی مرکز سے روانہ ہو کر ساڑھے تین گھنٹے سے زائد کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ اسٹیشن سے جڑا تھا۔ یہ چین کی خلائی تاریخ کا پہلا انسان بردار مشن ہے جس میں چینی اور غیر ملکی خلاباز ایک ساتھ شریک ہیں۔ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والے ذیشان علی کی سہولت کے لیے چینی خلائی ادارے نے خلائی اسٹیشن پر حلال خوراک اور انگریزی زبان میں آپریشنل ہدایات کا بھی خصوصی انتظام کیا ہے۔

ذیشان علی تیانگونگ اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتے کے مختصر قیام اور اپنے سائنسی تجربات مکمل کرنے کے بعد دو چینی خلابازوں کے ہمراہ خلائی جہاز ’شین ژو 23‘ کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔


تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles