سعودی عرب کی جازان آئل ریفائنری پر حملہ، نیپالی کارکن ہلاک، آپریشنز معطل

سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق سعودی وزارتِ توانائی نے بتایا کہ جازان آئل ریفائنری پر ایک دشمن فضائی پروجیکٹائل گرا، جس کے نتیجے میں نیپال سے تعلق رکھنے والا ایک کارکن ہلاک اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔

وزارت کے مطابق حملے کے بعد ریفائنری میں آگ لگ گئی تھی، جس پر قابو پالیا گیا۔ واقعے کے پیش نظر تنصیب کے بعض آپریشنز عارضی طور پر معطل کردیے گئے ہیں۔

وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے اور تنصیب میں موجود سہولتوں کی حفاظت کی تصدیق کا کام جاری ہے۔

حکام نقصان کا جائزہ لینے کے ساتھ یہ بھی جانچ رہے ہیں کہ ریفائنری کی تنصیبات محفوظ ہیں یا نہیں۔ وزارت نے آپریشنز کی بحالی کے حوالے سے کوئی وقت نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری راس تنورہ پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ ریفائنری دنیا کے بڑے خام تیل برآمدی مراکز میں سے ایک کے قریب واقع ہے۔ حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا تھا کہ حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ لگ گئی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر میں ریفائنری کے اطراف گھنا سیاہ دھواں دکھائی دیا، جو تقریباً 600 مربع کلومیٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا تھا۔ ناسا اور پلانیٹ لیبز کی تصاویر میں بھی دھویں کے وسیع بادل نظر آئے، جب کہ معاملے سے واقف ایک ذریعے نے حملے کی تصدیق کی تھی۔

اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے راس تنورہ کے علاقے میں چار ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ راس تنورہ میں سعودی عرب کی اہم آئل ایکسپورٹ ٹرمینل بھی واقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles