مکہ دفاعی معاہدے کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، یمن تنازع بھی ایجنڈے میں شامل: خواجہ آصف


وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والے اجلاس میں یمن کی صورتحال اور سعودی عرب و حوثیوں کے تنازع پر بھی بات چیت ہوگی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں جاری کشیدگی اجلاس کے ایجنڈے کا اہم نکتہ ہوگی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ سعودی عرب، ترکیے اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکیہ اپنے لیے خطرہ تصور کریں گے۔ انہوں نے یمن کے حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے حوالے سے سعودی عرب کی حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اسے عملی شکل دینے کے لیے ابتدائی طور پر مسلسل اجلاسوں کی ضرورت ہوگی، تاکہ آئندہ چند ماہ میں تمام انتظامات مکمل کرکے پیش رفت کی جا سکے۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے خطے کے دیگر ممالک کے خلاف ممکنہ جارحیت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب پر ایران کے براہِ راست حملے کی صورت میں معاہدے کے ممکنہ ردِعمل سے متعلق سوال پر انہوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

قبل ازیں، سفارتی و دفاعی ذرائع نے بتایا تھا کہ اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مکہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹری جنرل نعمان محمود بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اجلاس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک سے متعلق خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے عملی انتظامات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ان میں ممکنہ عسکری معاونت، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے جیسے امور شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اس دفاعی معاہدے کو ایک قابلِ عمل علاقائی سلامتی کے ڈھانچے میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں معاہدے کے ادارہ جاتی ڈھانچے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے اور تینوں ممالک کی افواج کے درمیان ہم آہنگی مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
مذاکرات کے دوران معاہدے کی شقوں پر مؤثر عمل درآمد اور دفاعی تعاون کے مختلف شعبوں کو مستقل ادارہ جاتی شکل دینے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت متوقع ہے۔ اجلاس میں شریک وفود پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال زیرِ بحث آئے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles