جینسن ہوانگ کی این ویڈیا میں واپسی پر اسرائیلی جشن کیوں منا رہے ہیں؟

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کی قیادت میں واپسی پر اسرائیل میں بھی اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں کمپنی کے امریکا سے باہر سب سے بڑے تحقیقی اور ترقیاتی مراکز قائم ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ این ویڈیا کے ساتھ شراکت داری ملک کی ٹیکنالوجی کی صنعت اور معیشت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

اسرائیل کے نگراں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ این ویڈیا کی اسرائیلی ٹیکنالوجی کے شعبے کے ساتھ شراکت داری نے کمپنی اور اسرائیل کی اختراعی معیشت دونوں کے لیے نمایاں قدر پیدا کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ویڈیا کی قیادت میں تسلسل اس شراکت داری اور عالمی مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے اچھی خبر ہے۔

نیتن یاہو کا یہ بیان جینسن ہوانگ کی پیر کو کمپنی کے سی ای او اور صدر کی حیثیت سے دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سامنے آیا۔ ہوانگ نے ماضی میں اسرائیل کو این ویڈیا کا دوسرا گھر قرار دیا تھا، جس سے دونوں کے درمیان گہرے کاروباری تعلقات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

جینسن ہوانگ کی واپسی سے قبل ان کی نجی زندگی سے متعلق اسکینڈل اور مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھیں۔ ان خبروں میں ایک ایسی خاتون سے تعلقات کا معاملہ بھی شامل تھا جس کے بارے میں چینی انٹیلی جنس سے وابستہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ ان واقعات کے بعد ہوانگ نے 12 نومبر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا، تاہم بعد ازاں ان کی واپسی نے کمپنی کی قیادت اور مستقبل کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی بے چینی کم کردی۔

ہوانگ کی واپسی کے اعلان کے بعد پیر کو این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کمپنی کی قیادت میں تبدیلی کو صرف امریکی ٹیکنالوجی کی صنعت ہی نہیں بلکہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

کیلی فورنیا میں قائم این ویڈیا اس وقت دنیا کی سب سے قیمتی سیمی کنڈکٹر کمپنی ہے، جس کی مارکیٹ مالیت تقریباً 4 ٹریلین ڈالر بتائی جاتی ہے۔

کمپنی مصنوعی ذہانت کے لیے استعمال ہونے والے خصوصی کمپیوٹر چپس، جنہیں گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز) کہا جاتا ہے، کی عالمی مارکیٹ میں تقریباً 90 فیصد حصص رکھتی ہے۔ یہ چپس مصنوعی ذہانت کے بڑے ڈیٹا سینٹرز میں پیچیدہ حساب کتاب اور معلومات کی پراسیسنگ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

اسرائیل میں این ویڈیا کے امریکا سے باہر سب سے بڑے تحقیقی اور ترقیاتی مراکز موجود ہیں۔ کمپنی نے گزشتہ 3 برس کے دوران اسرائیل میں اپنے ملازمین کی تعداد دوگنی کرکے تقریباً 6 ہزار کر دی ہے، جو ملک کے 7 تحقیقی مراکز میں کام کر رہے ہیں۔ یہ مراکز یوکنعام، تل ابیب، یروشلم، رعنانا اور بیرسبع سمیت مختلف شہروں میں قائم ہیں۔

کمپنی اسرائیل کے شہر حیفہ کے قریب کریات طبعون میں ایک بڑا تحقیقی اور ترقیاتی کیمپس بھی تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جہاں مستقبل میں 10 ہزار تک ملازمین کے کام کرنے کی گنجائش ہوگی۔ اس منصوبے سے اسرائیل میں کمپنی کی موجودگی مزید وسعت اختیار کر سکتی ہے۔

بینک آف اسرائیل کے تخمینے کے مطابق ملک میں این ویڈیا کی سرگرمیاں 2026 کے دوران اسرائیلی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو میں 2.2 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کریں گی، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت کی متوقع شرح نمو 5.6 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ بینک کے اندازے کے مطابق اگر این ویڈیا کی سرگرمیاں شامل نہ ہوتیں تو یہ شرح 3.4 فیصد رہتی، یعنی موجودہ تخمینے سے تقریباً 40 فیصد کم ہوتی۔ 2027 میں کمپنی سے اسرائیلی معیشت کی شرح نمو میں مزید 2.4 فیصد پوائنٹس اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

این ویڈیا کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے جنوری میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران اسرائیل کو تقریباً 1.29 ارب ڈالر ٹیکس ادا کیا۔ بعض اندازوں کے مطابق 2026 میں کمپنی اسرائیل کی مجموعی سرکاری ٹیکس آمدنی کا تقریباً 3 فیصد فراہم کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی قیادت میں کسی بھی غیر یقینی صورت حال کو اسرائیلی معیشت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

ہوانگ کے 12 نومبر کو عہدہ چھوڑنے کی خبر کے بعد تل ابیب اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی طور پر سرمایہ کاروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور اہم حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔ تاہم کاروباری دن کے اختتام تک مارکیٹ نے اپنی پوزیشن بہتر کرلی۔

اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق وزارت خزانہ کے حکام کو این ویڈیا میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال اور بالخصوص ہوانگ کی علیحدگی کے اسرائیلی معیشت پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تشویش تھی۔

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی پیر کو ہوانگ کی واپسی پر انہیں مبارک باد دی اور اسرائیل کے لیے ان کی مسلسل حمایت اور این ویڈیا کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کو سراہا۔ صدر کے دفتر کے مطابق ہوانگ نے ہرزوگ کے پیغام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملنے والے دوسرے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

این ویڈیا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بنیاد اپریل 2020 میں اس وقت مزید مضبوط ہوئی جب امریکی کمپنی نے اسرائیلی ٹیکنالوجی ادارے میلانکس کو تقریباً 7 ارب ڈالر میں خرید لیا تھا۔ میلانکس کمپیوٹر نیٹ ورکنگ کی مصنوعات تیار کرتی ہے اور اس کا حصول این ویڈیا کی مصنوعی ذہانت کے کاروبار میں توسیع کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔

مصنوعی ذہانت کے نظام چلانے کے لیے صرف طاقتور پروسیسرز کافی نہیں ہوتے بلکہ انہیں آپس میں تیزی سے معلومات کا تبادلہ بھی کرنا پڑتا ہے۔

میلانکس کی تیار کردہ نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی مختلف جی پی یوز کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے ڈیٹا سینٹرز کو زیادہ مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اسی وجہ سے میلانکس کا حصول این ویڈیا کی موجودہ کامیابی میں اہم کردار رکھتا ہے۔

کمپنی کے نیٹ ورکنگ کاروبار نے 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 21 ارب ڈالر سے زیادہ آمدنی حاصل کی، جو این ویڈیا کی مجموعی سہ ماہی آمدنی کا تقریباً 18 فیصد بنتی ہے۔

لاس ویگاس میں جنوری کے دوران ہونے والی کنزیومر الیکٹرانکس شو کی تقریب میں جینسن ہوانگ نے بھی اسرائیلی ملازمین کے کردار کو سراہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ این ویڈیا کی اہم مصنوعات میں شامل بلیو فیلڈ 4 ڈی پی یو اور تین نیٹ ورکنگ چپس کنیکٹ ایکس 9 سپر این آئی سی، این وی لنک 6 سوئچ اور اسپیکٹرم 6 ایتھرنیٹ سوئچ اسرائیل میں تیار کیے گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کمپنی کے 6 میں سے 4 اہم چپس کی تیاری میں اسرائیلی ٹیموں کا کردار ہے اور ممکن ہے کہ مستقبل میں یہ تعداد 6 میں سے 6 ہو جائے۔

تاہم اسرائیل کے ساتھ این ویڈیا کے قریبی کاروباری تعلقات انسانی حقوق اور غزہ میں جاری جنگ کے تناظر میں سوالات بھی اٹھا رہے ہیں۔ امریکی تنظیم امریکن فرینڈز سروس کمیٹی کی ایک تحقیق کے مطابق اسرائیلی فوج این ویڈیا کی متعدد مصنوعات استعمال کرتی ہے۔ یہ تنظیم 1947 میں یہودیوں کے لیے امدادی اور انسانی خدمات کی کوششوں سمیت اپنے کام کے اعتراف میں نوبیل امن انعام حاصل کر چکی ہے۔

تنظیم کی گزشتہ سال جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ غزہ میں جنگ کے دوران اسرائیلی وزارت دفاع نے این ویڈیا کی متعدد مصنوعات کی خریداری ظاہر کی تھی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے لیے تیار کردہ جیٹسن کارڈز اور ڈی جی ایکس سسٹمز بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چونکہ دستیاب سرکاری ڈیٹا بیس میں صرف غیر خفیہ معاہدوں کا ریکارڈ موجود ہے، اس لیے ممکن ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے این ویڈیا کی مصنوعات اور خدمات کے استعمال کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ کے دوران مصنوعی ذہانت پر مبنی مختلف نظام استعمال کیے، جن میں دی گوسپل، لیونڈر اور وئیرز ڈیڈی شامل ہیں۔ ان نظاموں کے ذریعے فلسطینیوں کی نگرانی، شناخت اور حملوں کے لیے اہداف کا تعین کیا گیا۔ تنظیم نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان نظاموں میں این ویڈیا کی ٹیکنالوجی کے ممکنہ استعمال کے باعث کمپنی پر جنگی جرائم میں بالواسطہ طور پر ملوث ہونے کے سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں این ویڈیا کا جیٹسن ٹی ایکس 2 مصنوعی ذہانت پروسیسر مبینہ طور پر اسرائیلی دفاعی کمپنی ایلبٹ سسٹمز کے تیار کردہ لینیئس ڈرونز میں بھی نصب ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں ان ڈرونز کا استعمال فلسطینی شہریوں کو ہلاک کرنے کے لیے کیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles