عثمان خواجہ کی بال ٹیمپرنگ تنازع ختم کرنے کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کو مشترکہ معافی کی تجویز

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ اوپنر عثمان خواجہ نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ تنازع کو ختم کرنے کے لیے پوری آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے اور معافی مانگنے کی تجویز پیش کردی ہے۔

عثمان خواجہ نے گریڈ کرکٹر پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران گیند کی حالت غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کے معاملے کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کو تسلیم کرنا چاہیے کہ کھلاڑی جانتے تھے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، چاہے اس کے لیے سینڈ پیپر استعمال ہوا ہو یا کوئی اور طریقہ کار استعمال ہوا ہو۔

انہوں نے اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو مشترکہ بیان کا مسودہ بھی بھیجا ہے، جس میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ماضی کے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مجوزہ بیان میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی خاطر بھاری قیمت ادا کی، جس پر باقی کھلاڑیوں کو افسوس ہے اور وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

عثمان خواجہ کے مطابق ٹوڈ گرین برگ نے اس تجویز پر دیگر متعلقہ افراد سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم انہوں نے اس بات پر شبہ ظاہر کیا کہ آیا تمام فریق اس مشترکہ بیان پر متفق ہوں گے یا نہیں۔

یہ تنازع ایک بار پھر اس وقت شدت اختیار کر گیا جب عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں 2018 کے واقعے سے متعلق تفصیلات بیان کی تھیں۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بعد میں ایک پریس کانفرنس میں بال ٹیمپرنگ سے لاعلمی ظاہر کی تھی، جبکہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی تھی۔ سابق کوچ ڈیرن لی مین نے بھی سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

خواجہ نے کہا کہ انہیں کمنز کی جانب سے عوامی سطح پر ذاتی تنقید کا سامنا کرنا پڑنے پر دکھ ہوا، کیونکہ وہ انہیں ایک اچھا انسان اور قائد سمجھتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ کمنز کپتانی چھوڑیں، بلکہ انہیں امید تھی کہ وہ اس معاملے پر ٹیم کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

خواجہ نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت ان کی پیٹ کمنز سے زیادہ بات چیت نہیں ہو رہی، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ کمنز مستقبل میں تمام کھلاڑیوں کو ایک مؤقف پر متحد کر سکتے ہیں۔

اس دوران سابق آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ نے بھی گزشتہ ہفتے ایک تفصیلی بیان جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کے کھلاڑی بال ٹیمپرنگ سے واقف تھے اور انہیں بال پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ہدایت بولنگ کوچ ڈیوڈ ساکر نے دی تھی۔ بینکرافٹ نے اپنے بیان میں زور دیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس معاملے سے آگاہ تھے۔

عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ بینکرافٹ نے انہیں پیغام بھیجا تھا کہ ان کے سامنے آنے سے اسے اس معاملے پر کھل کر بات کرنے کا موقع ملا۔ خواجہ کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی جانتے تھے کہ اس معاملے پر بات کرنے والے ابتدائی شخص کی حیثیت سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خواجہ نے مزید انکشاف کیا کہ جنوبی افریقہ کے واقعے کے بعد متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز کے دوران ایک آسٹریلوی کھلاڑی نے گیند چمکانے کے لیے مٹھائی استعمال کرنے کی تجویز دی تھی۔ اس وقت کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے مبینہ طور پر دستاویزی فلم کی ٹیم کو فلم بندی روکنے کا کہا تھا اور کھلاڑیوں کو سخت تنبیہ کی کہ آئندہ کسی نے ایسا کرنے کے بارے میں بھی سوچا تو اسے آسٹریلیا کی نمائندگی کا موقع نہیں ملے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے موجودہ تنازع کے تناظر میں ایک آزاد فورم بھی قائم کیا ہے، جہاں کھلاڑی اور عملہ 2018 کے دورے سے متعلق اپنے تجربات اور معلومات نجی طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔ تاہم، خواجہ کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی تجویز پر تمام متعلقہ کھلاڑیوں کا متفق ہونا ابھی باقی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles