قومی سلامتی کے لیے مخصوص نظام فعال، این سی سی آئی اے کو 'سائبر پولیس' میں تبدیل کرنے کی تجویز


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے اور سائبر جرائم کی روک تھام و تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جبکہ اجلاس میں اس ادارے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ادارے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماہرین تعینات کیے جائیں اور میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ادارے کی تنظیم نو میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور سائبر جرائم کے زیر التوا مقدمات کو جلد حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں این سی سی آئی اے کی اصلاحاتی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے ایک وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم بھی دیا گیا، جس میں وفاقی وزرا سید محسن رضا نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ شامل ہوں گے۔
ہدایت کے مطابق یہ کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق مختلف سفارشات پیش کی گئیں اور بتایا گیا کہ اسے قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، جس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔
حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سائبر جرائم کے حوالے سے قومی سلامتی کے لیے ایک مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے جبکہ موجودہ نظام کے تحت زیر التوا اور نئے مقدمات کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں ایجنسی کی مجموعی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
حکومتی فیصلے کے تحت اب تشکیل دی گئی وزارتی کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اصلاحاتی سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے عملی مراحل طے کیے جائیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles