کراچی میں سرد ہوائیں، شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت ایک ڈگری تک پہنچ گیا


مشرق اور شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی سرد ہواؤں کے باعث کراچی میں خنکی برقرار ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت مسلسل دوسرے روز 16.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے سے قلات میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے، جبکہ شہر میں شمال مشرق کی سمت سے چار کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے اوقات میں موسم خشک اور رات میں خنک رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری، ژوب اور خضدار میں سات ڈگری، چمن میں آٹھ ڈگری اور دالبندین میں نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سبی اور نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری، گوادر میں 16 ڈگری جبکہ تربت اور جیوانی میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دونوں صوبوں کے بیشتر علاقوں میں موسم کی یہی صورت حال برقرار رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles