امریکی ریاست مین میں 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے بعد انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو اور اس سے منسوب دعوے تحقیقات کے بعد غلط ثابت ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ 3 نومبر کے انتخابات کے بعد حکام کو ریاست کے سیکریٹری آف اسٹیٹ شینا بیلوز کے دفتر سے 250 بیلٹ پیپرز کا ایک ڈبہ ملا ہے، جنہیں مبینہ طور پر انتخابی نتائج کی سرکاری گنتی سے الگ رکھا گیا تھا۔
تاہم حقیقت یہ ہے کہ یہ واقعہ 2026 کے انتخابات کا نہیں بلکہ 2025 میں پیش آنے والی ترسیل کی ایک غلطی سے متعلق تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے فیکٹ چیک کے مطابق سوشل میڈیا پر پرانی ویڈیو کو نئے انتخابی معاملے کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، جس سے صارفین میں غلط فہمی پیدا ہوئی۔
9 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی، جس میں 2025 کی ایک ویڈیو شامل تھی۔ اس ویڈیو میں ری پبلکن رہنما بوبی چارلس انتخابی عمل میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بوبی چارلس 2026 میں ریاست مین کے گورنر کے انتخاب میں بھی امیدوار تھے۔
یہ ویڈیو دراصل اکتوبر 2025 میں امریکی نیوز ویب سائٹ مین وائر پر شائع کی گئی تھی۔ اس کا تعلق 2025 میں ووٹر شناخت کے حوالے سے ہونے والے ایک ریفرنڈم کے خالی بیلٹ پیپرز سے تھا، نہ کہ 2026 کے وسط مدتی انتخابات سے۔
تاہم سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ ایسا تاثر دیا گیا کہ 3 نومبر 2026 کے انتخابات کے بعد حکام نے شینا بیلوز کے دفتر سے 250 بیلٹ پیپرز برآمد کیے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر ان کے عملے نے انتخابی گنتی سے نکال دیا تھا۔
مین کے محکمہ سیکریٹری آف اسٹیٹ کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ معاملہ دراصل 2025 میں سامان کی ترسیل کے دوران ہونے والی غلطی کا نتیجہ تھا۔
ترجمان کے مطابق یو پی ایس کے ذریعے بھیجے جانے والے 2025 کے ریفرنڈم کے 250 خالی بیلٹ پیپرز غلطی سے ایک دوسرے پیکج میں رکھ دیے گئے تھے۔ یہ پیکج ایمیزون کی ترسیل کے دوران ایک نجی شہری کو موصول ہوا۔
محکمہ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے بیلٹ پیپرز واپس حاصل کرلیے تھے، جبکہ واقعے کے بعد یو پی ایس کی خدمات ختم کردی گئی تھیں اور مزید کارروائی کے لیے معاملہ اٹارنی جنرل کے دفتر کو بھیج دیا گیا تھا۔
یو پی ایس کے ترجمان نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے غیر ارادی غلطی قرار دیا۔ کمپنی کے مطابق بیلٹ پیپرز کا ایک پیکج خراب ہونے کے بعد وہاں کام کرنے والے ایک ملازم نے غلطی سے انہیں دوسرے پیکج میں دوبارہ رکھ دیا، جس کے نتیجے میں وہ غلط پتے پر پہنچ گئے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ضروری اصلاحی اقدامات کیے گئے اور متعلقہ ملازم کے معاملے کو بھی دیکھا گیا۔
دوسری جانب اٹارنی جنرل کے دفتر کے ترجمان نے جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
رائٹرز کے مطابق 2026 میں مین کے گورنر کے انتخاب کے نتائج میں ڈیموکریٹ امیدوار ہنّا پنگری نے کامیابی حاصل کی، جبکہ بوبی چارلس کو 17.1 فیصد پوائنٹس کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ نتیجہ ایسوسی ایٹڈ پریس نے جاری کیا تھا۔
رائٹرز نے اس معاملے پر بوبی چارلس سے بھی مؤقف جاننے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے درخواست کا جواب نہیں دیا۔
رائٹرز کے فیکٹ چیک کے مطابق مین کے سیکریٹری آف اسٹیٹ شینا بیلوز کے دفتر سے 2026 کے وسط مدتی انتخابات کے 250 بیلٹ پیپرز برآمد ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔ جن بیلٹ پیپرز کا ذکر سوشل میڈیا پر کیا جارہا ہے، وہ 2025 کے ریفرنڈم کے خالی بیلٹ پیپرز تھے جو ترسیل کی غلطی کے باعث ایک نجی شہری تک پہنچ گئے تھے۔
اس طرح ایک سال پرانے واقعے کی ویڈیو کو نئے انتخابات سے جوڑ کر گمراہ کن معلومات پھیلائی گئیں۔