امریکا فی الحال 2027 تک ایران کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتا: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور امریکا تہران کے ساتھ مستقل معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گزشتہ ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے، تاہم امریکی دفاعی نظام نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا فی الحال 2027 تک ایران کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن کی ترجیح ایران کے ساتھ ایک مستقل معاہدہ کرنا ہے، تاہم انہوں نے اس معاہدے کی ممکنہ شرائط یا سفارتی کوششوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کو امریکی دفاعی نظام نے روکنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم، انہوں نے اپنے دعوے کے حق میں مزید تفصیلات یا شواہد پیش نہیں کیے۔

ٹرمپ نے ایران کے خلاف مبینہ فوجی سرگرمیوں میں اضافے کو 3 نومبر کے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی سے بھی جوڑا۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل 2 پیش گوئیاں کی تھیں، جن میں پہلی یہ تھی کہ اگر ڈیموکریٹس کامیاب ہوئے تو اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ دوسری پیش گوئی یہ تھی کہ ایران اپنے حملوں میں شدت لائے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے نتائج کے بعد ایران کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے اور ایرانی قیادت ڈیموکریٹس کو کمزور اور غیر مؤثر سمجھتی ہے۔ ٹرمپ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ڈیموکریٹس اور ایران نے انتخابی نتائج سے قبل تیل کی قیمتیں بلند رکھنے کی کوشش کی، تاہم انتخابات کے بعد تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی آئی ہے۔

امریکی صدر نے ایران میں مظاہروں کے دوران ہلاکتوں سے متعلق بھی سنگین دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت اب تک 81 ہزار مظاہرین کو قتل کر چکی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس تعداد کا ذریعہ یا تفصیلات فراہم نہیں کیں اور اس دعوے کی آزادانہ تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles