
یمن میں حوثیوں اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی، 24 گھنٹوں کے دوران اتحادی افواج نے مختلف علاقوں میں 81 فضائی حملے کیے۔
حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں سعودی عرب کی تیل تنصیبات اور ریڈار مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے بتایا کہ سعودی اتحادی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت الجوف، تعز، صعدہ، مأرب، لحج، البیضاء اور الحدیدہ میں فضائی حملے کیے، جن میں شہری بھی متاثر ہوئے۔
یحییٰ سریع کے مطابق حالیہ کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے سعودی اتحادی افواج اب تک یمن پر 5 ہزار 581 فضائی حملے کرچکی ہیں۔
حوثی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ جوابی کارروائی کے دوران سعودی عرب کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
پہلی کارروائی میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسری کارروائی میں ریاض کے جنوب میں وادی الدواسر کے علاقے میں ریڈار تنصیب پر حملہ کیا گیا۔