
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے بعد ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے اعلان کردہ خیبرپختونخوا کے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں خیبر پختونخوا کی نئی حکومت کو 10 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں، جو صوبائی حکومت کو موصول ہوگئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سیکڑوں ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق پیکیج میں خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جب کہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
امن و امان اور پولیس کی استعداد میں اضافہ
امن و امان کی بہتری کے لیے ترقیاتی پیکیج میں 62 منصوبے شامل ہیں، جن پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے خطیر رقم مختص
علاوہ ازیں تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے بھی بھاری فنڈز مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
تعلیمی منصوبوں کے تحت باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جب کہ 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
سڑکوں، پانی اور دیگر منصوبوں پر بھی کام ہوگا
مواصلاتی نظام بہتر بنانے کے لیے مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی پیکج میں ٹل پارا چنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 88 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ متعلقہ علاقوں کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔
زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا، پشاور میں ناصر باغ روڈ کی توسیع اورخوبصورتی، رنگ روڈ پرمسنگ لنکس اور انڈر پاسز کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے۔
سرکاری ذرائع کےمطابق پیکج کے تحت تین ریجنل اور 16 ضلعی سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز قائم کیےجائیں گے، 9 پولیس لائنز اور پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب 28 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کی تصدیق
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج میں سے 10 ارب روپے جاری کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔
ثمر ہارون بلور کا کہنا ہے کہ پہلی قسط سے ترقیاتی منصوبوں پر کام آگے بڑھانے میں مدد ملے گی، فنڈز شفاف طریقے سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیے جائیں اور منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔