
آبنائے ہرمز میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں عمان کی بندرگاہ خصب کے قریب دو آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے ہیں جب کہ ایران نے ایک امریکی جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے ہفتے کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے غیر مجاز طور پر آئل ٹینکروں کو گزارنے کے لیے امریکی فوج کی جانب سے وسیع فضائی نگرانی کی جا رہی تھی، جس کے دوران دو ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ امریکی فوج نے جمعہ کی شب غیر قانونی کارگو کی منتقلی اور ایندھن کی اسمگلنگ میں مدد کے لیے ایف 16، ایف اے 18 اور ایف 35 لڑاکا طیارے، پی 8 پوسائیڈن سمندری گشتی طیارے، متعدد ہیلی کاپٹر اور ایم کیو سیریز کے ڈرونز تعینات کیے تھے۔
پاسدارانِ انقلاب بحریہ کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں آئل ٹینکروں میں دھماکوں اور شدید آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے۔
پہلا واقعہ عمان کی بندرگاہ خصب کے قریب رونما ہوا، جب کہ دوسرا واقعہ ہفتے کی صبح سویرے جزیرہ غنم کے ساحل سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ دونوں دھماکے جہازوں کے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث ہوئے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس کے نئے جدید فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں فضائی نگرانی پر مامور ایک امریکی ’ایم کیو نائن‘ جاسوس اور جنگی ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب بحریہ نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ جاری کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں اپنے نیوی گیشن سسٹم بند کر کے سفر کرنے، غیر مجاز راستے اختیار کرنے یا ایرانی بحریہ کے ٹریفک کنٹرول سینٹر سے رابطہ نہ کرنے والے کسی بھی بحری جہاز سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ بیان میں ایسے اقدامات کو ضوابط کی خلاف ورزی اور جارح امریکی فوج کے ساتھ تعاون قرار دیا گیا ہے۔
ادھر برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے نکلنے والے دو آئل ٹینکرز کو عمان کے علاقے خصب کے قریب نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق پہلے ٹینکر کے پچھلے حصے کو خصب سے 20 کلومیٹر شمال میں نشانہ بنایا گیا، جس میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے ٹینکر کو خصب سے تقریباً 31 کلومیٹر مشرق میں نشانہ بنایا گیا اور اس واقعے میں بھی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔