
بنگلہ دیش کے ضلع نڑائل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو رہنماؤں کے قتل کے بعد 50 سے زائد گھروں اور متعدد دکانوں کو آغ لگا دی گئی۔ نذرِ آتش املاک میں عوامی لیگ سے وابستہ افراد کے گھر اور دکانیں بھی شامل بتائی جا رہی ہیں۔
یہ پُرتشدد واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی آئندہ ماہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کے منصوبے کے پیش نظر سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ واقعات جمعہ کی سہ پہر کالیا بلدیہ کے تحت آنے والے گاؤں بیندر چار میں پیش آئے۔
کالیا فائر سروس اسٹیشن آفیسر ہمایوں کبیر نے بتایا کہ فائر فائٹرز کو دوپہر چار بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم علاقے کو جانے والی سڑکوں پر درخت گرا دیے جانے کے باعث عملہ فوری طور پر موقع پر نہیں پہنچ سکا۔
ہمایوں کبیر کے مطابق فائر فائٹرز رات آٹھ بجے کے قریب گاؤں پہنچے، اُس وقت تک زیادہ تر آگ بجھ چکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کم از کم 20 سے 25 خاندانوں کے 50 سے زائد رہائشی ڈھانچے جل گئے اور بردیا بازار میں بھی متعدد دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔
تاہم کالیا اپازیلا ایگزیکٹو آفیسر محمد جنت الاسلام نے نقصانات کا مختلف اندازہ پیش کیا۔
پولیس اسٹیشن کے سربراہ کے ہمراہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ موقع پر 15 سے 20 مکانات میں توڑ پھوڑ کی گئی اور متعدد رہائشی ڈھانچوں کو آگ لگائی گئی۔
محمد جنت الاسلام نے اس بات کی تصدیق کی کہ متاثرہ املاک میں عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ کبیرالحق مکتی کا آبائی گھر بھی شامل ہے۔
بنگلہ دیش اسٹوڈنٹس لیگ کے صدر حسین صدام نے سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ہندو اقلیتی برادری کے ارکان سمیت عوامی لیگ کے حامیوں کے سینکڑوں گھروں کو مقامی بی این پی کارکنوں نے نذر آتش کیا، توڑ پھوڑ کی اور لوٹ مار کی۔
حسین صدام نے ان حملوں کو دو روز قبل بی این پی رہنما طارق رحمان کی پارلیمنٹ کی الوداعی تقریر سے جوڑا، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ وہ عوامی لیگ کا سر دوبارہ اٹھنے سے قبل کچلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حملے سیاسی بیان بازی کا نتیجہ ہیں اور حکومت سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے میڈیا پر بھی تنقید کی کہ اس نے واقعات کو مناسب کوریج نہیں دی۔
تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی اور پولیس نے بھی آتشزدگی کے واقعات کی ذمہ داری کی تصدیق نہیں کی ہے۔
یہ واقعات شیخ حسینہ کی آئندہ ماہ دسمبر میں مجوزہ واپسی کی خبروں کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی کے تناظر میں پیش آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شیخ حسینہ نے دسمبر میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور مبینہ طور پر نئی سفری دستاویزات طلب کی ہیں۔
اس مجوزہ واپسی سے سیاسی کشیدگی میں تیزی آئی ہے، جہاں ان کی کالعدم قرار دی گئی جماعت عوامی لیگ حامیوں کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ بی این پی کی زیر قیادت حکومت نے نئی دستاویزات کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حوالگی کے معاہدے سمیت قانونی طریقہ کار لاگو ہوگا۔
بنگلہ دیش میں حالیہ بے چینی کے دوران مظاہروں، آتشزدگی، بم دھماکوں اور جھڑپوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔