ایف بی آئی پر ایک بار پھر سائبر حملہ، کون سی معلومات کا نشانہ بنایا گیا؟

امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا ایک بنیادی ذریعہ سمجھے جانے والے مجرمانہ معلومات کے ڈیٹا بیس پر مبینہ سائبر حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق، تحقیقات سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ مبینہ ہیکرز کی جانب سے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر یعنی این سی آئی سی کے نظام پر کیا گیا یہ حملہ حالیہ مہینوں کے دوران پیش آنے والا اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے وارنٹس اور پس منظر کی جانچ پڑتال سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے اسی ڈیٹا بیس پر انحصار کرتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں ہونے والے اس نئے سائبر حملے کا انکشاف ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ بینکوں، نیشنل سیکیورٹی ایجنسی اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم کو متاثر کرنے والے متعدد بڑے تکنیکی تعطل کے بعد ملک کی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے عوامی تشویش کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

تاہم ایف بی آئی نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

جب بیورو کے حکام کو اس تازہ ترین سائبر سیکیورٹی واقعے کا علم ہوا، تو ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے فاکس نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے سائبر سیکیورٹی اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے چند ماہ قبل مکمل ہونے والے آپریشن ’ونٹر شیلڈ‘ کا ذکر اس انداز میں کیا جیسے وہ اب بھی جاری ہو۔ اس آپریشن کا مقصد کمپنیوں کو اپنے سسٹمز اپ ڈیٹ کرنے پر آمادہ کرنا تھا تاکہ ہیکرز کو حساس ڈیٹا تک رسائی سے روکا جا سکے۔

کاش پٹیل نے ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے سسٹمز کو جدید بنانے پر موجودہ انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیگر انتظامیہ بھی یہ اپ ڈیٹس کر سکتی تھیں لیکن انہوں نے نہیں کیں، اور ہم وقت سے آگے رہ کر ضائع شدہ وقت کا ازالہ کر رہے ہیں۔

سائبر کرائم گروہوں کے خلاف تحقیقات کی قیادت کرنے والے ایف بی آئی کے ایک سابق اہلکار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ این سی آئی سی ڈیٹا بیس قانون نافذ کرنے والے اداروں میں معلومات کے تبادلے کا سب سے اہم نظام ہے۔

ان کے مطابق ملک بھر کے افسران روزانہ کی بنیاد پر اشتہاری ملزمان کی شناخت، زیر التوا وارنٹس کی جانچ اور ایسی معلومات تک رسائی کے لیے این سی آئی سی پر انحصار کرتے ہیں جو براہ راست افسران اور عوام کے تحفظ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اصل تشویش محض یہ نہیں کہ ہیکرز نے حساس معلومات تک رسائی حاصل کی یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ وہ اس ڈیٹا کی درستگی کو متاثر کر سکتے ہیں جس پر افسران بھروسہ کرتے ہیں۔

اس سے قبل ستمبر میں شائنی ہنٹرز نامی گروپ کے ایک سائبر حملے میں ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ سے ملازمین کے حساس ذاتی ڈیٹا کو نشانہ بنایا گیا تھا، اس سلسلے میں کینیڈا کے ایک سائبر سیکیورٹی محقق اور مصنف کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور انہیں الزامات کا سامنا ہے۔

سی این این کی سابقہ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد ایف بی آئی کے بعض ملازمین کو اس بات پر تشویش تھی کہ انہیں ڈیٹا چوری سے متاثر ہونے کے بارے میں اندھیرے میں رکھا گیا اور متاثرین کو فراہم کیے جانے والے حفاظتی وسائل ناکافی تھے۔

مزید برآں، 2023 میں بھی ہیکرز نے ایف بی آئی کے نیویارک فیلڈ آفس کے اس کمپیوٹر سسٹم میں نقب لگائی تھی جو بچوں کے جنسی استحصال کی تحقیقات اور جیفری ایپسٹین کیس سے متعلق تصاویر محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

حکام کی جانب سے جاری تحقیقات میں اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ تازہ ترین سائبر حملے کے ذریعے کس نوعیت کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی گئی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نیٹ ورک کی سیکیورٹی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کیا اقدامات درکار ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles