دنیا کی جوہری طاقتیں اپنے ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق فیصلوں کے لیے خصوصی انتظامات رکھتی ہیں، جن میں ایک اہم ذریعہ نیوکلیئر بریف کیس بھی ہے۔ یہ بظاہر ایک عام سا سوٹ کیس دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے ذریعے ملک کا سربراہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنی فوجی کمانڈ سے رابطہ کرکے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔
حال ہی میں چین کے شہر شینژن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک بحری افسر کو ایسا ہی پراسرار سیاہ بریف کیس اٹھائے دیکھا گیا، جس کی روسی سرکاری ٹی وی پر بھی شناخت کی تصدیق کی گئی۔ اس واقعے نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے اور ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ آخر دنیا کے بڑے ممالک کے سربراہان یہ بریف کیس اپنے ساتھ کیوں رکھتے ہیں اور کیا واقعی ان کے ذریعے جوہری حملہ کیا جاسکتا ہے؟
روسی سرکاری ٹی وی کے رپورٹر یوگینی پوپوف نے کیمرے کے سامنے اس بریف کیس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ روس کا جوہری بریف کیس ہے، جسے روسی زبان میں ’چیگٹ‘ کہا جاتا ہے۔
جوہری بریف کیس دراصل ایک خصوصی مواصلاتی نظام ہے جس کے ذریعے کسی ملک کا سربراہ فوج کے مرکزی کمانڈ سسٹم سے رابطہ کرسکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور روس نے سرد جنگ کے دور میں ایسے نظام تیار کیے تھے۔ اس زمانے میں دونوں ممالک کے درمیان جوہری جنگ کا خطرہ موجود تھا اور خدشہ تھا کہ کسی اچانک حملے کی صورت میں ملکی سربراہ کو انتہائی کم وقت میں فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔
تاہم عام طور پر فلموں میں دکھائے جانے والا یہ تصور درست نہیں کہ صدر نے بریف کیس کھولا، سرخ بٹن دبایا اور جوہری میزائل چل پڑے۔ حقیقت میں اس عمل کے لیے فوجی حکام، خصوصی مواصلاتی نظام اور کئی دوسرے مراحل درکار ہوتے ہیں۔
امریکا میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا حکم دینے کے لیے صدر کے ساتھ ایک خصوصی بریف کیس سفر کرتا ہے، جسے ’نیوکلیئر فٹ بال‘ کہا جاتا ہے۔
اس نظام کی تاریخ 1962 کے کیوبا میزائل بحران سے بھی پرانی ہے۔ مورخین کے مطابق اس کا تعلق امریکی صدر ڈوائٹ آئزن ہاور کے دور سے ہے۔ ایک خفیہ دستاویز سے پتا چلتا ہے کہ آئزن ہاور نے جنوری 1961 میں جان ایف کینیڈی کو صدر کا عہدہ سنبھالنے سے ایک روز پہلے اس نظام کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔
امریکی صدر کے پاس ایک خصوصی کارڈ بھی ہوتا ہے جسے ’بسکٹ‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں ایسے تصدیقی کوڈز موجود ہوتے ہیں جن کے ذریعے جوہری حملے کا حکم جاری کرتے وقت صدر کی شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے۔
امریکی نائب صدر کے لیے بھی متبادل انتظام موجود ہے تاکہ اگر وہ کسی وجہ سے صدارتی اختیارات سنبھالیں تو جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے متعلق ضروری معلومات اور تصدیقی کوڈز تک رسائی حاصل کرسکیں۔
امریکی کانگریس کی ریسرچ سروس کے مطابق جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا اختیار صرف صدر کے پاس ہے، تاہم وہ اس معاملے پر اعلیٰ فوجی حکام سے مشورہ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب روس کا جوہری بریف کیس ’چیگٹ‘ جس کا نام قفقاز کے پہاڑی سلسلے میں واقع ایک پہاڑ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ نظام 1983 میں سوویت یونین کے دور میں فوجی استعمال میں آیا تھا۔
روسی روایت کے مطابق صدر کے ساتھ سفر کرنے والا ایک بحری افسر یہ بریف کیس اٹھاتا ہے۔ 2015 میں روس کے شہر یکاترین برگ میں واقع یلسن سینٹر میں سابق روسی صدر بورس یلسن کے زیر استعمال رہنے والا جوہری بریف کیس بھی نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔
کیا چیگٹ بریف کیس سے میزائل براہ راست داغے جاسکتے ہیں؟
روس کا چیگٹ بریف کیس صدر کو فوج کے مرکزی کمانڈ سسٹم سے منسلک کرتا ہے اور اس کے ذریعے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا حکم بھیجا جاسکتا ہے، لیکن یہ خود میزائل داغنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
اس کا مطلب ہے کہ بریف کیس کے ذریعے صدر کا حکم فوجی کمانڈ سسٹم تک پہنچتا ہے، جہاں مزید فوجی اور تکنیکی مراحل کے بعد اس پر عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق روس کے پاس ایسے تین بریف کیس موجود ہیں، جو صدر، وزیر دفاع اور مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ کے لیے مختص ہیں۔
روس کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق سرکاری پالیسی کے تحت انہیں استعمال کرنے کا فیصلہ صدر کرتے ہیں۔ چیگٹ روس کے ’کازبیک‘ نامی کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورک سے منسلک ہے، جو آگے ’کاکاز‘ نامی مواصلاتی نظام کی مدد لیتا ہے۔
پیوٹن ہر سفر میں یہ بریف کیس کیوں ساتھ رکھتے ہیں؟
اس سوال کا جواب جوہری ہتھیاروں کی جنگی حکمت عملی میں پوشیدہ ہے۔ فرض کریں کسی ملک کے صدر اپنے طیارے میں سفر کررہے ہیں، کسی بین الاقوامی اجلاس میں شریک ہیں یا کسی ہوٹل میں آرام کررہے ہیں اور اسی دوران ان کے ملک پر جوہری حملہ ہوجاتا ہے۔ ایسی صورت میں ضروری ہے کہ وہ جہاں بھی موجود ہوں، اپنی فوجی کمانڈ سے رابطہ کرسکیں اور جوابی کارروائی کا فیصلہ کرسکیں۔
جوہری بریف کیس اسی مقصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کی موجودگی اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دیتی ہے کہ سربراہ مملکت کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے نظام تک رسائی کے لیے کسی مخصوص مقام پر موجود ہونے کی ضرورت نہ پڑے۔
اس نظام کا ایک اہم مقصد دشمن کو حملے سے روکنا بھی ہے۔ فوجی حکمت عملی میں اسے ’نیوکلئر ڈیٹررینس‘ کہا جاتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی ملک کو یقین ہو کہ حملے کے باوجود دوسرا ملک جوابی کارروائی کرسکتا ہے تو وہ حملہ کرنے سے گریز کرسکتا ہے۔
ماہر معاشیات اور فوجی حکمت عملی کے تجزیہ کار تھامس شیلنگ نے 1966 میں اپنی کتاب ’آرمز اینڈ انفلوئنس‘ میں لکھا تھا کہ نقصان پہنچانے کی صلاحیت بھی مذاکرات میں طاقت کا ایک ذریعہ ہوتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب پیوٹن کے ساتھ روس کا جوہری بریف کیس منظرِ عام پر آیا ہو۔ اکتوبر 2023 میں چین کے شہر بیجنگ کے دورے کے دوران بھی روسی صدر کے ہمراہ دو بحری افسران کو ایسے بریف کیس اٹھائے دیکھا گیا تھا۔

تاہم شینژن میں اس کی موجودگی کو محض ایک سیکیورٹی انتظام کے طور پر نہیں دیکھا جارہا۔ بین الاقوامی سیاست کے ماہر سائمن میبون نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ روسی سرکاری ٹی وی پر اس منظر کو دکھانا بذات خود اہم ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک سیاسی مظاہرہ بھی ہوسکتا ہے جس کے ذریعے پیوٹن یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ روس اب بھی دنیا کی بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے مقابلے میں روس کی فوجی اور معاشی صلاحیت پہلے جیسی نہیں رہی، اس لیے جوہری طاقت کا یہ مظاہرہ عالمی سطح پر اپنی اہمیت برقرار رکھنے کی کوشش بھی ہوسکتا ہے۔
کیا دوسرے جوہری ممالک کے پاس بھی ایسا بریف کیس ہے؟
دنیا میں اس وقت 9 ممالک کو جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان میں امریکا، روس، برطانیہ، فرانس، چین، بھارت، پاکستان اور شمالی کوریا شامل ہیں، جبکہ اسرائیل کے بارے میں بھی بڑے پیمانے پر خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔
تاہم ان تمام ممالک کے جوہری کمانڈ سسٹم اور سربراہان کے ساتھ سفر کرنے والے خصوصی آلات کے بارے میں یکساں معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
برطانیہ میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا اختیار صرف وزیراعظم کے پاس ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کی لائبریری کے مطابق ہر نئے وزیراعظم کو چار خصوصی خطوط اپنے ہاتھ سے لکھنے ہوتے ہیں۔ انہیں ’لیٹرز آف لاسٹ ریزورٹ‘ کہا جاتا ہے اور ہر خط ایک جوہری آبدوز کے کمانڈر کے لیے ہوتا ہے۔
ان خطوط میں یہ ہدایات درج ہوتی ہیں کہ اگر جوہری حملے کے نتیجے میں برطانوی حکومت تباہ ہوجائے تو آبدوز کے کمانڈر کو کیا کرنا چاہیے۔
فرانس میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا اختیار صدر کے پاس ہے۔ فرانسیسی اخبار ’لیموند‘ کے مطابق سابق صدر نکولا سرکوزی نے 2012 میں عہدہ چھوڑتے وقت نئے صدر فرانسوا اولاند کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق کوڈز منتقل کیے تھے۔
چین کی سرکاری پالیسی ’پہلے جوہری حملہ نہ کرنے‘ پر مبنی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ چین کا کہنا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کے نیوکلیئر حملے کے جواب میں ہی جوہری ہتھیار استعمال کرے گا۔ تاہم چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ بھی روسی چیگٹ یا امریکی نیوکلیئر فٹ بال جیسا کوئی مخصوص بریف کیس سفر کرتا ہے یا نہیں، اس بارے میں واضح معلومات موجود نہیں ہیں۔
بھارت میں حکومت کے مطابق جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کا اختیار نیوکلیئر کمانڈ اتھارٹی کی سیاسی کونسل کے پاس ہے، جس کی سربراہی وزیراعظم کرتے ہیں۔ تاہم وہاں بھی اس مقصد کے لیے کسی مخصوص بریف کیس کے استعمال کی تفصیلات واضح نہیں ہیں۔
پاکستان اور شمالی کوریا بھی جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک میں شامل ہیں، جبکہ اسرائیل کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جاتا ہے۔ تاہم ان ممالک کے سربراہان کے ساتھ سفر کرنے والے جوہری بریف کیس یا ان کے کمانڈ سسٹم سے متعلق قابل اعتماد عوامی معلومات محدود ہیں۔
شینژن میں پیوٹن کے ساتھ نظر آنے والا سیاہ بریف کیس بظاہر ایک عام سوٹ کیس دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے پیچھے موجود نظام دنیا کی بڑی طاقتوں کی جوہری حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ یہ صرف ایک مواصلاتی آلہ نہیں بلکہ اس تصور کی علامت بھی ہے کہ نیوکلیئر پاور رکھنے والے ممالک کے سربراہان کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنے ہتھیاروں کے استعمال کا اختیار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔