بلاول جمہوریت کے چیمپئین بنتے ہیں، آپ کی گورننس نے سندھ کے لوگوں کا خون نچوڑ لیا: طلال چوہدری


وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی انتظامی یونٹس پر سیاست کر رہی ہے۔ پاکستان میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کی ہے، اتنی زیادہ حکومت ہونے کے باوجود یہ کیسے لاتعلقی کا اظہار کر سکتے ہیں۔
طلال چوہدری نے بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا بھگت رہے ہیں اور عدالتوں میں ان کے وکلا دلائل دینے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
طلال چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی حالیہ سماعت کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے وکلا طویل تقاریر اور مختلف قانونی نکات کو بنیاد بنا کر مقدمات کی کارروائی آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکلا جانتے ہیں کہ وہ دلائل کی بنیاد پر کرپشن کے مقدمات نہیں جیت سکتے، اسی لیے عدالتوں میں مختلف حیلے بہانے اختیار کیے جاتے ہیں۔
وزیر مملکت نے اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں تین صوبوں کے سربراہان کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، گلگت بلتستان میں بھی اسی جماعت کی حکومت ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ بھی پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے صدر پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بلاول کے والد محترم ہیں۔
طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ اتنے اہم حکومتی عہدوں پر پیپلز پارٹی کے نمائندے موجود ہونے کے باوجود جماعت حکومتی معاملات سے لاتعلقی کا اظہار کیسے کر سکتی ہے۔

انہوں نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، حالانکہ انتظامی یونٹس بنانے کا بنیادی مقصد ان علاقوں میں حکومتی نظام بہتر بنانا ہے جہاں عوام کو مناسب سہولتیں دستیاب نہیں۔
طلال چوہدری کے مطابق عوام کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی ناقص حکمرانی کی علامت ہے اور ایسے علاقوں میں انتظامی بہتری کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی گلیوں میں خون بہانے کی بات پر افسوس ہوا، فیصلہ گولی سے نہیں ووٹ سے ہونا چاہیے، بلاول پیپلز پارٹی کے بنائے آئین کو ہی غیرآئینی قرار دے رہے ہیں۔ بہتر گورننس کے لیے آئین میں ترامیم ہوتی رہی ہیں
طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف پیپلز پارٹی کے گورنر بیانات دے رہے ہیں، بلاول بھٹو باتیں ایسے کر رہے ہیں جیسے اپوزیشن لیڈر ہوں۔
وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ 17 سالہ حکمرانی میں آپ کی گورننس نے سندھ کے لوگوں کا خون نچوڑ لیا ہے، بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، آئین بنانے کا سہرا بھی اپنی پارٹی اور گھر کے پاس رکھتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles