میر رضا کیس: جے آئی ٹی نے پولیس کی ابتدائی تفتیش پر سوال اٹھا دیے


کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کہا کہ میر رضا کیس کی ابتدائی تفتیش میں پولیس نے غفلت برتی، ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔
کراچی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے متوفی کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں کیس میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا میر رضا کے گھر یہ پہلا دورہ تھا۔

ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ میر رضا قتل کیس کی تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کی جارہی ہے اور تحقیقات میں رہ جانے والے تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عرفان بلوچ نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا تاہم اب کیس کے تمام پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقات آگے بڑھائی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نارتھ ناظم آباد میں ویفلیکس کی برانچ سے ملنے والے اسلحے کا فرانزک معائنہ کرایا جارہا ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔

دوسری جانب مقتول میر رضا کے والد نے کہا کہ جو کام اب کیا جارہا ہے، اگر پہلی تفتیشی ٹیم وہی کام پہلے کرلیتی تو بہتر ہوتا، میر رضا کے والد نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اب قتل کیس کی تفتیش تیزی سے آگے بڑھے گی۔
میر رضا کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ کراچی کا 25 سالہ نوجوان تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتا ہوئے تھے جب کہ اگلے روز ان کی لاش گلستانِ جوہر کے ایک ویران مقام سے ملی۔ پولیس نے ابتدا میں واقعے کو ممکنہ خودکشی کے طور پر دیکھا تاہم اہلِ خانہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش پر سوالات اٹھنے کے بعد عدالت نے 6 اگست کو قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت دی، میڈیکل بورڈ کی تشکیل پر تنازع کے باعث کارروائی میں تاخیر ہوئی اور بالآخر 8 اگست کو قبرکشائی کرکے میر رضا کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی کے زخم اور اس کے جسم سے گزرنے کے راستے سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں، جنہیں خودکشی کے ابتدائی مؤقف سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیا گیا۔ اس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے 24 اگست کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کیا تاہم کمیشن نے واقعے کے حالات، پولیس کی ابتدائی تفتیش، طبی شواہد اور شواہد جمع کرنے کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔
2 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے اہلِ خانہ کی جانب سے آزاد اور کثیر ادارہ جاتی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جے آئی ٹی تشکیل دینا حکومت کا اختیار ہے۔

20 اکتوبر کو کمیشن نے 62 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں پولیس کی تفتیش کو شدید ناکامی قرار دیا جب کہ کمیشن کی رپورٹ میں میر رضا کی موت کو قتل قرار دیا گیا اور پولیس کی تفتیش میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ رپورٹ میں مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے اور ممکنہ غفلت یا شواہد میں رد و بدل کے پہلوؤں کی جانچ کی سفارش بھی کی گئی۔
عدالتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 24 اکتوبر کو سندھ حکومت نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی، جے آئی ٹی میں رینجرز، وفاقی انٹیلی جنس اداروں اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جب کہ تحقیقاتی ٹیم کو واقعے سے متعلق شواہد کا ازسرنو جائزہ لینے اور ابتدائی تفتیش میں سامنے آنے والے سوالات کا جواب تلاش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد 2 نومبر کو میر رضا کیس کا تحقیقاتی ریکارڈ باقاعدہ طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا گیا۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات اور ریکارڈ جے آئی ٹی کو منتقل کرنے کی تصدیق کی تھی۔
3 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے حتمی چالان جمع نہ کرانے پر جے آئی ٹی سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک جواب طلب کیا۔ بعد ازاں 4 نومبر کو عدالت نے نئے تفتیشی افسر ڈی ایس پی فرید احمد خان کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید 10 روز کی مہلت دے دی۔
جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس 7 نومبر کو ہوا، جس کے بعد 13 نومبر کو تحقیقاتی ٹیم کا دوسرا اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کی، جس میں مختلف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں میر رضا کے اہلِ خانہ، ان کے کاروباری شراکت دار احمد بھردے اور ان کے بھائی کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ سابق ایس آئی او فیروز آباد شبیر لغاری، سی آئی اے افسر غوث بخش اعوان، تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، سابق ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضل اور سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر کامران قریشی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے کاروباری معاملات، مالی لین دین اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ بھی شروع کردیا ہے۔ ان افراد کو بھی مرحلہ وار طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے میر رضا کے ساتھ مالی یا کاروباری معاملات رہے تھے۔
13 نومبر کو ہی جے آئی ٹی کی جانب سے میر رضا کے کاروباری شراکت دار کا لائسنس یافتہ پستول تحویل میں لینے کی پیش رفت بھی سامنے آئی۔ ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے مطابق پستول کو فرانزک تجزیے کے لیے پولیس کی فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی نے کاروباری شراکت دار کے زیر انتظام رہنے والی فوڈ چین کا ریکارڈ بھی تحویل میں لیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم اسلحے، مالی لین دین اور دیگر دستیاب شواہد کی روشنی میں کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
14 نومبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرنے اور حتمی چالان جمع کرانے کے لیے جے آئی ٹی کو مزید 10 روز کی مہلت دے دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے 14 روز کا وقت مانگا تھا تاہم عدالت نے 10 روز کی مہلت منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی اجلاسوں کی کارروائی کے منٹس بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے متعلقہ الیکٹرانک آلات کی لائیو فرانزک جانچ کی اجازت بھی دے دی، جس میں میر رضا، ان کے کاروباری شراکت دار اور دیگر متعلقہ افراد کے ڈیجیٹل آلات شامل ہیں۔
میر رضا کیس میں پولیس کی ابتدائی تفتیش میں غفلت برتنے پر سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر سب انسپکٹر کامران قریشی کو 14 نومبر کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے محکمانہ انکوائری اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں برطرفی کے احکامات جاری کیے۔
محکمانہ انکوائری میں سامنے آیا کہ میر رضا کی لاش ملنے کے بعد سابق ایس ایچ او خود جائے وقوعہ پر نہیں پہنچے تھے اور نہ ہی کرائم سین یونٹ کو بروقت اطلاع دی گئی تھی۔ اس غفلت کے باعث جائے وقوعہ کو فوری طور پر محفوظ نہیں بنایا جاسکا، جس سے فرانزک شواہد جمع کرنے میں تاخیر ہوئی اور اہم شواہد ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سابق ایس ایچ او کو پہلے معطل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف محکمانہ انکوائری بھی کی گئی۔ انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا، تاہم ان کی وضاحت تسلی بخش قرار نہیں دی گئی، جس کے بعد انہیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
جے آئی ٹی اب میر رضا کے قتل کے محرکات، کاروباری شراکت داروں کے کردار، مالی لین دین، ڈیجیٹل شواہد اور ابتدائی پولیس تفتیش میں ہونے والی ممکنہ غفلت کا ازسرنو جائزہ لے رہی ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو بھی موبائل فون، ایپل واچ، آئی کلاؤڈ، سوشل میڈیا اور کرپٹو کرنسی سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ کا تکنیکی تجزیہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles