ایران کے اہم جزیرے پر امریکی حملے؛ آبنائے ہرمز میں چوتھا تیل بردار جہاز نشانہ بن گیا

ایرانی حکام نے منگل کی شام آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے جزیرے قِشم پر امریکی حملوں کی تصدیق کی ہے جب کہ ایران کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں 24 گھنٹوں کے دوران چوتھے تیل بردار جہاز کے سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ’اِرنا‘ کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے نائب گورنر احمد نفیسی نے بتایا کہ امریکی حملوں میں جزیرہ قِشم کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا تاہم ان حملوں میں کسی رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا۔

احمد نفیسی کے مطابق جزیرے پر صورت حال قابو میں ہے جب کہ ریسکیو ٹیمیں اور انتظامی ادارے مکمل طور پر ہائی الرٹ ہیں۔

ارنا کے مطابق منگل کی شام جزیرے پر پانچ سے چھ دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔

ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر ڈرون حملے کا دعویٰ

قِشم پر مبینہ امریکی حملوں سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحرین میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال ایک ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی ویب سائٹ سپاہ نیوز کے مطابق، ایرانی فورسز کے جنگی ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔

آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت متاثر

مشرق وسطیٰ میں فروری کے اواخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوششیں تیز کر رکھی ہیں۔

تہران کا مؤقف ہے کہ اس اہم سمندری راستے سے گزرنے والے جہاز صرف ان راستوں کو استعمال کریں جن کی ایران نے اجازت دی ہو۔ ایرانی حکام ایسے جہازوں کو بھی باقاعدگی سے نشانہ بناتے رہے ہیں جو ان کی اجازت کے بغیر اس راستے سے گزرتے ہیں۔

اس کے جواب میں امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے اور تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مدد بھی فراہم کی ہے۔

دنیا کی مجموعی تیل کی فراہمی کا تقریباً پانچواں حصہ معمول کے حالات میں اسی آبی راستے سے گزرتا ہے۔

آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے تیل بردار جہاز متاثر ہونے کا دعویٰ

ایران نے حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد بار اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں میں آگ لگی، جن کے بارے میں اکثر دعویٰ کیا گیا کہ وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے تھے۔

منگل کو ایرانی مسلح افواج نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران چار تیل بردار جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرائے ہیں۔

دوسری جانب امریکی فوج نے حال ہی میں کہا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز کے مرکزی بحری راستوں سے تمام بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام)، جو خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتی ہے، نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اس نے موسمِ گرما سے اب تک خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے ڈیڑھ ارب بیرل تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles