
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2 مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پہلے مرحلے میں لاہور سمیت 18 اور دوسرے مرحلے میں مزید 18 اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2 مرحلوں میں کرانے کی منظوری دے دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے پیش کی گئی تجویز منظور کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، مری، چکوال، تلہ گنگ، پاکپتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، قصور، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، لودھراں، حافظ آباد اور بھکر شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل اور تمام ضروری انتظامی سرگرمیاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب کو فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کا پس منظر
پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے جب کہ سابق بلدیاتی اداروں کی مدت 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد صوبے میں نئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مختلف قانونی اور انتظامی مراحل کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز 2026 کی منظوری دی گئی۔
رواں سال اگست میں پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے اصولی اتفاق کیا تھا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب حکومت سے مجوزہ انتخابی شیڈول پر جواب اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں طلب کی تھیں۔
الیکشن کمیشن کے ابتدائی مجوزہ شیڈول میں 14 دسمبر 2026 کو پولنگ کی تجویز بھی شامل تھی تاہم اب پنجاب حکومت کی نئی تجویز منظور کرتے ہوئے انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔