
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے امریکی سرزمین پر حملے کی کوشش کی تو اسے وہ قیمت چکانا پڑے گی جس کی مثال دنیا میں موجود نہیں ہوگی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے میں فلپائن پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی علاقائی رہنماؤں سے ملاقاتوں، تجارتی معاہدوں اور سکیورٹی امور پر بات چیت جاری ہے۔
منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سنگین نتائج کی دھمکی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے امریکی سرزمین پر حملے کی کوشش تو اسے وہ قیمت چکانا پڑے گی جس کی مثال دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے کیوں کہ ان کے بقول ایران اس طرح کے ’پاگل پن کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔‘
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہ دینے کی ایک وجہ بھی یہی ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان امریکی دارالحکومت پر ایران کی جانب سے مبینہ طور پر ’ڈرٹی بم‘ حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹس کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق ایران ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں تابکار مواد سے تیار کردہ بم (ڈرٹی بم) حملے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے معاملے میں ’بہت قریب‘ پہنچ چکی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے کس نوعیت کے معاہدے یا پیش رفت پر کام ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ فلپائن سے چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے، جہاں جمعرات کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے سہ فریقی ملاقات طے ہے۔
اس کے علاوہ ٹرمپ کی شی جن پنگ کے ساتھ علیحدہ دوطرفہ ملاقات بھی شیڈول ہے۔
منیلا میں ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ چین میں صدر پیوٹن کے ساتھ بھی الگ ملاقات کریں گے؟ جس پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم نہیں، لیکن اگر ممکن ہوا تو میں ضرور ملاقات کروں گا۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایشیا کے دورے پر روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ کم جونگ اُن چین آئیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ چینی صدر شی جن پنگ پر منحصر ہے۔
ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں، تاہم یہ ملاقات ہوگی یا نہیں، اس حوالے سے فی الحال چین، امریکا یا شمالی کوریا کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔