راولپنڈی ٹیسٹ: خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل جلد ختم، پاکستان کو برتری حاصل

راولپنڈی میں خراب روشنی کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا ہے، کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لیے ہیں اور اسے سری لنکا پر پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کی جانب سے اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جب کہ طیب عارف 46 جب کہ محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا۔

یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جب کہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث تقریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا جب کہ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان نے میچ کے اختتام پر دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے، جبکہ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles