برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھارت کے شہر ممبئی میں ایک منفرد انداز میں توجہ حاصل کرلی، جہاں شاہی جوڑا ماحولیاتی ایوارڈ کے فائنلسٹس سے ملاقات کے لیے الیکٹرک رکشے پر سوار ہوا۔ شہزادہ ولیم نے خود رکشے کا اسٹیئرنگ سنبھالا جب کہ شہزادی کیٹ ان کے ساتھ پچھلی نشست پر بیٹھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شاہی جوڑے نے منگل 17 نومبر کو ممبئی میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے ارتھ شاٹ پرائز 2026 کے 15 فائنلسٹس سے ملاقات کے لیے الیکٹرک رکشے پر سفر کیا۔
شہزادہ ولیم نے مہندرا لاسٹ مائل موبیلٹی کی تیار کردہ الیکٹرک تھری وہیلر گاڑی چلائی۔ یہ کمپنی بھی رواں سال ارتھ شاٹ پرائز کے فائنلسٹس میں شامل ہے۔
رکشہ چلانے کے بعد شہزادہ ولیم نے خوشگوار انداز میں کہا کہ انہوں نے گاڑی کو حادثے کا شکار نہیں کیا۔ انہوں نے اس سواری کو دلچسپ اور شاندار تجربہ قرار دیا جب کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے رکشے کی پچھلی نشست کو انتہائی آرام دہ بتایا۔

شاہی جوڑا ممبئی میں بحیرہ عرب پر بنے باندرہ-ورلی سی لنک پل کے قریب ساحلی مقام پر پہنچا، جہاں انہوں نے ایوارڈ کے فائنلسٹس سے ملاقات کی، ان سے مصافحہ کیا اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ یہ تصاویر شاہی جوڑے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کی گئیں۔
انسٹاگرام پر تصویر کے ساتھ جاری بیان میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں بھارت میں ارتھ شاٹ پرائز جیتنے والوں اور فائنلسٹس کی تعداد زیادہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ارتھ شاٹ پرائز ایک عالمی ماحولیاتی ایوارڈ ہے، جس کا مقصد زمین کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے حل تلاش کرنا اور کامیاب منصوبوں کو وسعت دینا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت ہر سال 5 کامیاب منصوبوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور ہر منصوبے کو مزید وسعت دینے کے لیے 10 لاکھ برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر) دیے جاتے ہیں۔
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن بھارت کے 3 روزہ دورے پر ہیں، جس کا اختتام بدھ کو نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ہوگا۔

یہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا 2024 میں کینسر کے علاج کے بعد سب سے نمایاں بیرون ملک دورہ ہے۔ 44 سالہ شہزادی نے کینسر کی ایک غیر متعین قسم کے علاج کے لیے احتیاطی کیموتھراپی کروائی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی سرکاری مصروفیات محدود کردی تھیں، اب کینسر سے صحت یابی کے بعد وہ بتدریج عوامی تقریبات میں شرکت بڑھا رہی ہیں تاہم اس سے قبل وہ شہزادہ ولیم کے دیگر بیرون ملک دوروں میں شریک نہیں ہوئی تھیں۔
2024 کے بعد ان کا واحد اہم بیرون ملک دورہ رواں سال مئی میں اٹلی کا تھا، جہاں انہوں نے ابتدائی بچپن کی نشوونما سے متعلق اپنے کام کے سلسلے میں دو روزہ انفرادی دورہ کیا تھا۔