
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ اس معاونت کا مقصد پنشن اخراجات کے باعث قومی خزانے پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کو کم کرنا اور نظام کو پائیدار بنانا ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق قرض کی فراہمی اصلاحاتی پروگرام کے نتائج سے مشروط ہوگی۔ پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات 2016 سے تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور اب سالانہ ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، جس کے باعث پنشن ادائیگیوں کا بڑھتا ہوا بوجھ ملکی معیشت کے لیے بڑا مالی چیلنج بن گیا ہے۔
اصلاحاتی پروگرام کے تحت وفاقی ملازمین کے پنشن نظام میں ڈیجیٹل تبدیلیاں متعارف کرائی جائیں گی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کا مقصد پنشن نظام کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
پروگرام کے تحت جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کے لیے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے نظام میں ملازمین کی شراکت سے پنشن فنڈ قائم کیا جائے گا، جس سے مستقبل کے پنشن واجبات میں کمی اور مالی شفافیت میں اضافے کی توقع ہے۔
پنشن اصلاحات کے ذریعے قومی خزانے پر اخراجات کا دباؤ کم کرکے ترقیاتی اور سماجی شعبوں کے لیے مالی گنجائش پیدا کرنا بھی پروگرام کا اہم مقصد ہے۔ اے ڈی بی اس اصلاحاتی عمل کے پہلے مرحلے میں پاکستان کی معاونت کرے گا۔