
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک پراسرار اشارے کے ذریعے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کردیا ہے۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ مسکراتے ہوئے ایک خاص اندا میں ہاتھ کی انگلیوں سے منفرد اشارہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس کا مطلب بتانے کے بجائے مداحوں سے ہی پوچھ لیا کہ کیا وہ اس کا مطلب سمجھ پائے ہیں؟
41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے سفید رنگ کی پولو شرٹ پہنے اپنی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’کیا آپ اب تک اس کا مطلب سمجھ پائے ہیں؟‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ رونالڈو نے اس طرح کا اشارہ کیا ہو، اس سے قبل بھی اکتوبر کے مہینے میں مختلف میچوں کے دوران انہیں یہ حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد سے شائقین لگاتار اس کا مطلب تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس پیغام کے ساتھ انہوں نے آنکھوں اور ہنسی والے ایموجیز بھی استعمال کیے، جس کے بعد مداحوں نے اس اشارے کے ممکنہ مطلب کے بارے میں مختلف اندازے لگانا شروع کردیے۔
سب سے بڑی اور مقبول تھیوری یہ ہے کہ یہ اشارہ رومن ہندسوں کے حرف ایم کی نمائندگی کرتا ہے، جو ایک ہزار کے برابر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ پرتگالی زبان میں ایک ہزار کے لیے استعمال ہونے والا لفظ مل بھی اسی حرف سے شروع ہوتا ہے۔
اس لیے لوگوں کا خیال ہے کہ رونالڈو اپنے کیریئر کے ایک ہزار گول مکمل کرنے کے سنگ میل کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، کیونکہ وہ اس تاریخی ہدف کے بہت قریب ہیں۔
ایک اور قیاس آرائی کے مطابق یہ اشارہ ان کے بیٹے میٹیو سے بھی متعلق ہوسکتا ہے، تاہم اس بارے میں بھی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ معاملہ اس وقت مزید دلچسپ بن گیا جب النصر کے چیف ایگزیکٹو جوز سیمیڈو کو بھی رونالڈو کے ساتھ یہی اشارہ کرتے دیکھا گیا جس سے اس راز میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
تاہم نہ تو رونالڈو اور نہ ہی سعودی کلب النصر نے اب تک اس اشارے کی اصل وجہ یا مطلب واضح کیا ہے، جس کے باعث مداحوں کا تجسس برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اب تک اپنے پیشہ ورانہ فٹبال کیریئر میں 985 آفیشل گولز کرچکے ہیں اور انہیں ایک ہزار گولز مکمل کرنے کے لیے مزید صرف 15 گول درکار ہیں۔
رونالڈو کی سعودی کلب النصر اگلا اہم مقابلہ جمعہ 20 نومبر کو الاہلی کے خلاف کھیلے گی۔ سعودی پرو لیگ کی موجودہ پوائنٹس ٹیبل پر النصر دوسرے نمبر پر ہے اور اسے سرفہرست الہلال سے دو پوائنٹس کا فرق درپیش ہے۔
رونالڈو نے حال ہی میں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، جس کے بعد اب ان کی توجہ مکمل طور پر کلب کی فٹبال پر مرکوز ہے۔
فی الحال رونالڈو کے پراسرار اشارے کا اصل مطلب سامنے نہیں آیا، لیکن ان کے ایک ہزار گولز کے قریب پہنچنے کی وجہ سے مداحوں کی بڑی تعداد اسے اسی تاریخی کامیابی سے جوڑ رہی ہے۔