
بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی موت سے متعلق ایک بار پھر اہم سوالات اٹھ گئے ہیں۔ فرانزک ماہرین کی ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ انہیں جیل میں قتل کیا گیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق برطانوی شہر لندن میں پیر کے روز پیش کی گئی ایک تحقیق میں تین ماہرین نے ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ان کے جسم پر موجود نشانات خودکشی کے بجائے تشدد اور مزاحمت کے دوران ہونے والی چوٹوں سے مطابقت رکھتے ہیں۔
تحقیق تیار کرنے والوں میں فرانزک میڈیسن کے ماہر اور مشیر مائیکل فری مین، سویڈن کی اومیا یونیورسٹی کے فرانزک پیتھالوجسٹ پروفیسر اینڈرس ایرکسن اور نیورو سائنس کے محقق ایتیل ڈرور شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایپسٹین کی گردن پر موجود نشانات ایسے ہیں جو پیچھے سے گلا گھونٹنے کے نتیجے میں بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس مقصد کے لیے کپڑے کی ایک باریک اور گرہ لگی ہوئی پٹی استعمال کی گئی تھی۔
تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ ایپسٹین کے جسم پر لٹکائے جانے کے علاوہ کسی دوسرے واقعے سے متعلق چوٹوں یا نیل کے نشانات موجود نہیں تھے اور ان کا جسم بظاہر بالکل صاف تھا۔ ماہرین نے مکمل پوسٹ مارٹم ریکارڈ کا جائزہ لینے اور واقعے کی ممکنہ صورت حال کو دوبارہ ترتیب دینے کے بعد قتل کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب نیویارک سٹی کے دفتر برائے طبی معائنہ کار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے بیان میں اپنی سابقہ رپورٹ کا دفاع کیا ہے۔
دفتر کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اس فیصلے پر قائم ہے کہ جیفری ایپسٹین کی موت خودکشی کے نتیجے میں پھانسی پر لٹکنے سے ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 10 اگست 2019 کو نیویارک کے میٹروپولیٹن کریکشنل سینٹر میں اپنی جیل کی کوٹھڑی میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس وقت وہ خودکشی کے خطرے کے پیش نظر خصوصی نگرانی میں تھے۔
ان کی موت کے تقریباً ایک ہفتے بعد طبی معائنہ کاروں نے اسے خودکشی قرار دیا تھا، تاہم ایپسٹین کے وکلا نے اس فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جیل کی سیکیورٹی اور انتظامات کی مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
ایپسٹین کی موت کے معاملے کی تحقیقات امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کے انسپکٹر جنرل نے بھی کی تھیں۔
نئی تحقیق سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر ان سوالات نے جنم لیا ہے کہ جیل میں سخت نگرانی کے باوجود ایپسٹین کی موت کیسے ہوئی۔
تحقیق پیش کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں ان کی موت کو خودکشی قرار دینے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں، جنہوں نے مختلف سازشی نظریات کو بھی جنم دیا۔
تحقیق میں شامل فرانزک ماہر مائیکل فری مین نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں کہ ایپسٹین کو کس نے قتل کیا ہوگا اور نہ ہی ان کی توجہ اس سوال پر ہے۔ ان کے مطابق وہ صرف اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ موت کی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہاں غلطیاں یا کوتاہیاں رہ گئیں۔
فری مین نے کہا، ’’میری دلچسپی صرف اس بات میں ہے کہ یہ معاملہ اتنا الجھ کیسے گیا؟‘‘
یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین کو 2019 میں کم عمر لڑکیوں کی جنسی اسمگلنگ اور ان کے جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2002 سے 2005 کے دوران ایک ایسا نیٹ ورک چلایا جس کے ذریعے کم عمر لڑکیوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ ان میں بعض لڑکیاں صرف 14 سال کی تھیں۔
ایپسٹین پر الزام تھا کہ وہ لڑکیوں کو سینکڑوں ڈالر نقد رقم دے کر اپنے نیویارک کے گھر اور پام بیچ میں واقع رہائش گاہ پر بلاتے تھے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ایپسٹین سے متعلق بڑی تعداد میں دستاویزات بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ امریکی کانگریس کی جانب سے نومبر میں شفافیت سے متعلق قانون منظور کیے جانے کے بعد محکمہ انصاف نے لاکھوں دستاویزات جاری کیں، جن میں ای میلز، ٹیکسٹ پیغامات اور تصاویر شامل ہیں۔
ان دستاویزات میں ایپسٹین سے متعلق بعض سازشی نظریات کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم ان کے ذریعے دنیا کی کئی بااثر کاروباری شخصیات، ارب پتی افراد، شاہی خاندانوں، سرکاری عہدیداروں اور میڈیا سے وابستہ شخصیات کے ساتھ ان کے تعلقات سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
تاہم فرانزک ماہرین کے تازہ دعووں کے باوجود ایپسٹین کی موت کو قتل قرار دینے کا کوئی نیا سرکاری فیصلہ سامنے نہیں آیا اور نیویارک کے طبی معائنہ کاروں کا دفتر بدستور اسے خودکشی قرار دیتا ہے۔