
غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کی نگرانی اور چہروں کی شناخت کے لیے بڑے پیمانے پر تصاویر جمع کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی تقریباً 35 لاکھ تصاویر ایمازون کے کلاؤڈ سسٹم پر منتقل کیں، جہاں مصنوعی ذہانت کی مدد سے ان چہروں کا تجزیہ کیا جانا تھا۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق اخبار کو ملنے والی دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ایک شعبے نے 2024 کے آغاز میں تقریباً 35 لاکھ تصاویر تل ابیب کے قریب واقع ایمازون کے ڈیٹا سینٹر میں منتقل کی تھیں۔
اس اقدام کا مقصد ایمازون ویب سروسز کے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام کے ذریعے فلسطینیوں کے چہروں کی شناخت اور ان کا تجزیہ کرنا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں قائم عارضی چیک پوسٹوں پر فلسطینی شہریوں کی تصاویر بناتی تھی، جن کے ذریعے ان کے چہروں کا موازنہ فوج کے پاس موجود ریکارڈ سے کیا جاتا تھا۔
اس ٹیکنالوجی کے ذریعے فوج لوگوں کی شناخت کرنے اور اپنے ریکارڈ میں موجود افراد سے ان کا موازنہ کرنے کی کوشش کرتی تھی۔
تاہم دی گارجین کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایمازون کے کلاؤڈ سسٹم پر منتقل کی جانے والی تمام 35 لاکھ تصاویر انہی عارضی چیک پوسٹوں پر حاصل کی گئی تھیں یا ان میں تصاویر کے دیگر ذرائع بھی شامل تھے۔
اس سے قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بھی غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے چہرے شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے استعمال کا ذکر کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس نظام کے دوران بعض فلسطینی شہریوں کو غلطی سے مشتبہ افراد کے طور پر شناخت کر لیا گیا تھا، جس کے باعث چہرے کی شناخت کے خودکار نظام کی درستگی پر بھی سوالات اٹھے تھے۔
دوسری جانب ایمازون ویب سروسز نے اس معاملے پر مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی کو اس بات کا علم نہیں ہوتا کہ اس کے صارفین کلاؤڈ سسٹم پر کون سی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
دی گارجین کی اس رپورٹ نے غزہ میں جنگ کے دوران جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور چہرے کی شناخت کے نظام کے استعمال، خصوصاً شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ اور نگرانی سے متعلق سوالات دوبارہ کھڑے کر دیے ہیں۔