انسانی پلاسینٹا کی خرید و فروخت کا کیس، چینیوں سمیت 4 ملزمان کی ضمانت منظور


سپریم کورٹ نے انسانی پلاسینٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے مقدمے میں تین چینی باشندوں سمیت چار ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔
دو رکنی بینچ نے ہر ملزم کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور دو مقامی ضامن فراہم کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس شہزاد احمد خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پلاسینٹا ویسٹ میٹریل ہے، اس لیے معاملہ مزید انکوائری کا متقاضی ہے۔
ایف آئی اے اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ون اور ای الیون میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں مقامات سے تقریباً 400 سے 500 کلوگرام تازہ اور خشک انسانی پلاسینٹا برآمد کیا تھا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ویتنام بھیجی جانے والی 580 کلوگرام مشتبہ کھیپ بھی روک لی گئی تھی۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 1241 کلوگرام انسانی پلاسینٹا کی برآمدگی ظاہر کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق انسانی پلاسینٹا کو بھیڑ کا پلاسینٹا ظاہر کرکے ویتنام برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ تفتیش کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف اسپتالوں اور کلینکس سے انسانی پلاسینٹا جمع کرنے کا انکشاف بھی ہوا، جبکہ اس کی پروسیسنگ، ذخیرہ کرنے اور بیرون ملک ترسیل کے لیے مبینہ نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ شفقت عباسی نے عدالت کو بتایا کہ انسانی پلاسینٹا بھی متعلقہ قانون کے تحت انسانی عضو کی تعریف میں آتا ہے۔ انسانی اعضا کی تجارتی خرید و فروخت پر قانون کے تحت 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے مقدمہ ٹرانسپلانٹیشن آف ہیومن آرگنز اینڈ ٹشوز ایکٹ 2010 اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles