
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام ایک اہم کھلا خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی ابتر صحت، سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے اور جیل میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات عائد کرتے ہوئے فوری انصاف فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔
خط کے آغاز میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ خط ان کی آواز کو قید تنہائی کی دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے لکھا جا رہا ہے تاکہ عدلیہ اعلیٰ ملک میں قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ستر سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی ایک بے مثال مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں نہ تو اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی وکلا تک آسان رسائی میسر ہے، جبکہ مطالعے کے لیے کتابیں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے صرف 4 مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی ہے اور جیل حکام کی جانب سے اہلخانہ کے ساتھ طے شدہ ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کی جا رہی ہیں، یہاں تک کہ ان کے بیٹوں کو بھی فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
صحت کے سنگین مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے خط میں انکشاف کیا کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی مسلسل کمی نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی اسی طرح قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے شکایت کی کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود انہیں بروقت طبی منتقلی اور علاج کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، اور ان کا بلڈ پریشر مسلسل بڑھ کر 130 سے 193 تک پہنچ چکا ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ معالجین کے مطابق انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ لاحق ہے، اس کے باوجود ان کی صحت اور بنیادی حقوق کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
قانونی کارروائی کے حوالے سے انہوں نے مؤقف اپنایا کہ القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر غیر معمولی ترجیح دی جا رہی ہے، جو کہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ خط کے اختتام پر چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور بہت زیادہ تاخیر ہونے سے پہلے انہیں آئین اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کرتے ہوئے بنیادی انسانی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔