
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ انتخابی شیڈول کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔
ہائیکورٹ کے جج جسٹس عمیر مجید ملک نے انتخابات رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے بعد یہ حکم امتناع جاری کیا، جس کے نتیجے میں 20 دسمبر 2026 کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔
عدالت عالیہ نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 26 نومبر تک معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور ان سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت کی جانب سے اس سماعت کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ انتخابی شیڈول معطل کرنے کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔
یہ درخواست شہری امجد علی کی جانب سے ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن قانونی طور پر منصفانہ، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے، تاہم موجودہ انتخابی عمل میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں آخری بار بلدیاتی انتخابات سنہ 2015 میں منعقد ہوئے تھے، جبکہ اس منتخب بلدیاتی حکومت کی آئینی مدت فروری 2021 میں مکمل ہو گئی تھی۔
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بلدیاتی قوانین میں بار بار ترامیم، یونین کونسلوں کی تعداد میں ردوبدل اور انتخابی شیڈول میں مسلسل تعطل کے باعث دارالحکومت کے شہری مقامی سطح پر عوامی نمائندگی سے محروم چلے آ رہے ہیں۔
اب عدالت کی جانب سے 26 نومبر کو فریقین کے جوابات جمع کرائے جانے کے بعد اس معاملے پر مزید قانونی پیش رفت متوقع ہے۔