
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سوشل میڈیا پر ٹک ٹاکرز کی جانب سے نازیبا اور غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کے مختصر جواب نے وہاں موجود صحافیوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے لاہور زونل دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سائبر کرائم، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور سوشل میڈیا پر نامناسب مواد کی تشہیر سمیت مختلف امور پر بات کی۔
اس موقع پر ایک صحافی نے وزیر داخلہ سے سوال کیا کہ سوشل میڈیا پر متعدد ٹک ٹاکرز مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے بیہودہ اور نازیبا مواد شیئر کر رہے ہیں، جسے لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں۔ ایسے مواد کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟
صحافی کے سوال پر محسن نقوی نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’نہ دیکھا کریں‘۔ وزیر داخلہ کا یہ جواب سنتے ہی وہاں موجود افراد ہنس پڑے اور پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے کی کارکردگی اور ادارے کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں این سی سی آئی اے کے پاس مجموعی طور پر صرف 61 اہلکار ہیں، جن میں ڈرائیورز، کانسٹیبلز سے لے کر اعلیٰ افسران تک شامل ہیں۔ اتنی بڑی آبادی کے لیے عملے کی یہ تعداد ناکافی ہے، تاہم اس کے باوجود ادارے کے اہلکار دن رات کام کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت این سی سی آئی اے کو مزید وسائل اور افرادی قوت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ آن لائن فراڈ، بلیک میلنگ اور سائبر کرائم کے واقعات کی مؤثر تحقیقات کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے سائبر کرائم سے متعلق شکایات کی تحقیقات کرنے والا ادارہ ہے، جو آن لائن فراڈ، سوشل میڈیا کے ذریعے ہراسانی، بلیک میلنگ اور بچوں کے آن لائن استحصال جیسے جرائم کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔