ٹرمپ نے اینویڈیا کے نئے سربراہ کے لیے نام تجویز کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اینویڈیا کے نئے سربراہ کے لیے ایک غیر متوقع نام تجویز کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی جگہ ایپل کے سابق سی ای او ٹِم کُک کو ذمہ داری سونپی جانی چاہیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب ان کی جگہ لینے کے لیے صرف ایک ہی شخص موزوں ہے، اور وہ ایپل کے سابق سربراہ ٹم کُک ہیں۔

ٹرمپ نے ٹم کُک کو ایک لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک لیجنڈ کی جگہ دوسرا لیجنڈ لے سکتا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اینویڈیا میں قیادت کی تبدیلی کے بعد نئے سربراہ کی تقرری کا معاملہ توجہ حاصل کر رہا ہے۔

ٹم کُک رواں سال ستمبر میں ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ وہ تقریباً 15 سال تک اس عہدے پر فائز رہے اور اب کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ان کے دور میں ایپل نے آئی فون سمیت اپنی مختلف مصنوعات اور کاروبار کو عالمی سطح پر مزید وسعت دی۔

ٹرمپ کے بیان پر تاحال ایپل یا ٹم کُک کی جانب سے کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

صدر ٹرمپ اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ان کے دوسرے دورِ صدارت میں قریبی روابط دیکھنے میں آئے ہیں۔ ٹم کُک بھی گزشتہ سال ٹرمپ سے ملاقات کر چکے ہیں، جس کے دوران انہوں نے امریکی صدر کو 24 قیراط سونے کے اسٹینڈ پر نصب ایک خصوصی تختی پیش کی تھی۔

یہ تختی ایپل کے امریکی مینوفیکچرنگ پروگرام کی یاد میں تیار کی گئی تھی۔ اس موقع پر ایپل نے امریکا میں اپنی پیداواری سرگرمیوں کے لیے مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا تھا۔

دوسری جانب جینسن ہوانگ بھی صدر ٹرمپ کے قریبی ٹیکنالوجی شخصیات میں شمار ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ دو برس کے دوران وہ امریکی حکومت کی پالیسیوں کی حمایت کرتے رہے اور واشنگٹن میں بھی ان کی آمدورفت بڑھتی رہی، جہاں اینویڈیا امریکی جدید چپس کی چینی مارکیٹ میں فروخت کے لیے کوششیں کر رہی تھی۔

جینسن ہوانگ نے جمعرات کو اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ کے رکن کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ پیش رفت ان خبروں کے بعد سامنے آئی جن میں ان کے ایک چینی کاروباری خاتون سے مبینہ تعلقات کا ذکر کیا گیا تھا۔ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون چین کے لیے جاسوسی میں ملوث ہو سکتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیر کو بتایا تھا کہ انہوں نے ہوانگ سے اس معاملے پر بات کی ہے اور ہوانگ نے انہیں بتایا کہ انہیں اس خاتون کے مبینہ طور پر جاسوس ہونے کا علم نہیں تھا۔

اینویڈیا نے فوری طور پر چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری طور پر سونپ دی ہیں۔

تاہم ٹرمپ کی جانب سے ٹم کُک کا نام تجویز کرنا فی الحال ان کی ذاتی رائے ہے۔ اینویڈیا کی جانب سے ٹم کُک کو مستقل سربراہ مقرر کرنے کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles